فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے ایران سے اپیل کی ہے کہ وہ خطے کے ہمسایہ ممالک کو نشانہ بنانے سے گریز کرے اور موجودہ صورتحال میں کشیدگی کو مزید بڑھانے سے بچنے کی کوشش کرے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حماس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران کو جارحیت کے خلاف دفاع کا مکمل حق حاصل ہے اوروہ بین الاقوامی قوانین کے مطابق ہر ممکن طریقے سے اپنے دفاع میں جواب دے سکتا ہے۔
تاہم تنظیم نے زور دیا کہ اس ردعمل میں ایسے اقدامات سے اجتناب کیا جائے جن سے خطے کے دیگر ممالک براہِ راست متاثر ہوں۔
اماراتی شہری امریکی فوجی ٹھکانوں سے دور رہیں، پاسداران انقلاب
حماس نے اپنے بیان میں کہا کہ ایرانی قیادت کو چاہیے کہ وہ ہمسایہ ممالک کو نشانہ بنانے سے گریز کرے اور علاقائی استحکام کو مدنظر رکھے۔
تنظیم نے خطے کے تمام ممالک سے بھی اپیل کی کہ وہ موجودہ کشیدگی کو کم کرنے اور جارحیت کو روکنے کے لیے مشترکہ کوششیں کریں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ خطے کے ممالک کے درمیان بھائی چارے اور باہمی احترام کے رشتے برقرار رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔
