پاکستان میں سستی ترین الیکٹرک کار متعارف کرا دی گئی۔
پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کی مارکیٹ میں نئی منی کار Nora EV متعارف کرا دی گئی ہے جو بڑھتی ہوئی پیٹرول قیمتوں کے دوران ماحول دوست اور کم خرچ سفری حل کے طور پر پیش کی جا رہی ہے۔
اس گاڑی کو پہلی بار نومبر 2025 میں متعارف کرایا گیا تھا تاہم اب اس کی قیمت، مختلف ویریئنٹس کی تفصیلات بھی سامنے آ گئی ہیں۔
Nora EV چار سیٹوں پر مشتمل L7e کلاس کوڈری سائیکل ہے جو خاص طور پر شہری استعمال کے لیے ڈیزائن کی گئی ہے۔ گاڑی کے پچھلے حصے پر جیپ طرز کا اسپئیر وہیل بھی لگایا گیا ہے تاہم یہ واضح نہیں کہ یہ مکمل طور پر فعال ہے یا صرف ڈیزائن کا حصہ ہے۔
کمپنی کے مطابق Nora EV کی ٹاپ ویریئنٹ EcoX میں 3000 واٹ الیکٹرک موٹر دی گئی ہے، جس کی زیادہ سے زیادہ رفتار 65 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے جبکہ ایک چارج پر اس کی رینج 160 کلومیٹر تک ہے، گاڑی کو مکمل چارج ہونے میں تقریباً 6 سے 8 گھنٹے لگتے ہیں۔
گاڑی میں ائیرکنڈیشنر، ہیٹر، بلوٹوتھ آڈیو، 7 انچ ریورسنگ ڈسپلے، پاور ونڈوز، ریموٹ سنٹرل لاکنگ، اینٹی تھیفٹ الارم اور ریورس کیمرہ جیسے فیچرز بھی شامل ہیں، اس کے علاوہ کمپنی بیٹری اور موٹر پر 5 سال کی وارنٹی بھی دے رہی ہے اور بیٹری سویپنگ کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔
کمپنی نے Nora EV کے تین ویریئنٹس متعارف کرائے ہیں، جن میں Eco کی قیمت 18 لاکھ 89 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے اور اس کی ایک چارج پر رینج 120 کلومیٹر ہے۔ دوسرا ویریئنٹ Eco پلس ہے جس کی قیمت 20 لاکھ 99 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ اس کی رینج 120 کلومیٹر ہے۔
پاکستان کی پہلی مقامی الیکٹرک کار رواں سال سڑکوں پر آنے کا امکان
تیسرا ویریئنٹ EcoX ہے جس کی قیمت قیمت 22 لاکھ 99 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، اس کی رینج 160 کلومیٹر ہے۔
ماہرین کے مطابق پیٹرول کی بڑھتی قیمتوں کے باعث پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کی مانگ میں اضافہ ہو رہا ہے، اگرچہ الیکٹرک گاڑیوں کی ابتدائی قیمت زیادہ ہوتی ہے، لیکن ایندھن اور دیکھ بھال کے کم اخراجات کی وجہ سے یہ طویل مدت میں سستی ثابت ہو سکتی ہیں۔
