فلپائن کی حکومت نے عیدالفطر کے موقع پر 20 مارچ 2026 کو ملک بھر میں سرکاری تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔ اس فیصلے کا مقصد ملک میں بسنے والے مسلمانوں کے اہم مذہبی تہوار کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور قومی سطح پر مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔
صدارتی محل کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق صدر Ferdinand R. Marcos Jr نے اس سلسلے میں باضابطہ منظوری دے دی ہے جس کے تحت جمعہ 20 مارچ کو پورے فلپائن میں عیدالفطر کے موقع پر عام تعطیل ہوگی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ اعلان اس لیے کیا گیا ہے تاکہ پورا فلپائنی معاشرہ اپنے مسلمان بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مل کر امن اور یکجہتی کے ساتھ عیدالفطر کی خوشیوں میں شریک ہو سکے۔
شوال کا چاندکب پیدا ہوگا،نظرکب آئیگا؟سپارکو نے عیدالفطر سے متعلق پیشگوئی کردی
صدارتی حکم نامہ نمبر 1189 کے مطابق عیدالفطر، جسے رمضان المبارک کے اختتام پر منایا جاتا ہے، مسلمانوں کے لیے نہایت اہم مذہبی تہوار ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس تعطیل کے ذریعے اس تہوار کی مذہبی اور ثقافتی اہمیت کو قومی شعور کا حصہ بنایا جائے گا۔
یہ اعلان National Commission on Muslim Filipinos کی سفارش پر کیا گیا ہے، جس نے حکومت کو تجویز دی تھی کہ عیدالفطر کے پیش نظر 20 مارچ یا 21 مارچ کو تعطیل دی جائے۔ کمیشن نے واضح کیا تھا کہ عیدالفطر کی حتمی تاریخ چاند نظر آنے کے بعد ہی طے کی جائے گی، تاہم ممکنہ تاریخوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تعطیل کی تجویز پیش کی گئی تھی۔
صدارتی حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ صدر نے اپنے آئینی اختیارات استعمال کرتے ہوئے جمعہ 20 مارچ 2026 کو عیدالفطر (عید رمضان) کے موقع پر پورے ملک میں باقاعدہ سرکاری تعطیل قرار دیا ہے۔
عید الفطر کے بعد دودھ مہنگا ہونے کا امکان، ڈیری فارمرز کا قیمت بڑھانے کا اعلان
یہ اعلان 12 مارچ کو قائم مقام ایگزیکٹو سیکریٹری Ralph Recto نے دستخط کر کے جاری کیا۔ حکام کے مطابق اس فیصلے سے فلپائن میں مختلف مذاہب کے درمیان ہم آہنگی اور بھائی چارے کے پیغام کو مزید تقویت ملے گی۔
فلپائن میں مسلمانوں کی ایک قابل ذکر آبادی آباد ہے، خصوصاً جنوبی علاقوں میں، جہاں عیدالفطر مذہبی عقیدت اور جوش و خروش کے ساتھ منائی جاتی ہے۔ حکومت کی جانب سے سرکاری تعطیل کے اعلان کو مسلم کمیونٹی نے خوش آئند قرار دیا ہے۔
