خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں پولیس گاڑی کے قریب دھماکے کے نتیجے میں ایس ایچ او سمیت 6 پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔
پولیس ترجمان کے مطابق دھماکا اس وقت ہوا جب پولیس کی پیٹرولنگ ٹیم معمول کی گشت پر تھی اور نامعلوم حملہ آوروں نے گاڑی کو نشانہ بنایا۔
واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید ہونے والے ایس ایچ او سمیت تمام پولیس اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
وزیرِ داخلہ نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کے بہادر جوانوں نے اپنا آج قوم کے پرامن کل کے لیے قربان کیا۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کے افسران اور جوانوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں اور شہداء قوم کا فخر ہیں جن کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
