وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے بجلی صارفین کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے نیا ضابطہ کار جاری کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
پاور ڈویژن کے مطابق اس اقدام کا مقصد صارفین کو بہتر سہولت فراہم کرنا اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانا ہے۔
اعلامیے کے مطابق بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں شکایات کے مؤثر حل کے لیے ایک نیا نگرانی نظام متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کے تحت ہر ماہ بہترین اور خراب کارکردگی دکھانے والے سب ڈویژنوں کی نشاندہی کی جائے گی۔ خراب کارکردگی کی صورت میں متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔
پاکستانی سرکاری ڈیجیٹل نظام پر سائبر حملے، 21 وفاقی ادارے متاثر
پاور ڈویژن کے مطابق 118 اسمارٹ کال سینٹر کو صارفین کے لیے ون ونڈو سروس قرار دیا گیا ہے جہاں بجلی سے متعلق تمام شکایات اورمسائل درج کروائے جا سکتے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ پانچ ماہ کے دوران 118 کال سینٹر پر 20 لاکھ سے زائد کالیں موصول ہو چکی ہیں جن میں صارفین نے بجلی کی فراہمی، بلوں اوردیگرمسائل سے متعلق شکایات درج کرائیں۔
اویس لغاری نے ہدایت کی کہ تمام تقسیم کار کمپنیوں کے صارف خدمت ڈائریکٹرزصارفین کی شکایات کے بروقت ازالے کے ذمہ دار ہوں گے۔
انہوں نے لائن عملے اور افسران کو بھی احکامات جاری کیے کہ عوام کی شکایات فوری طورپرحل کی جائیں تاکہ صارفین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
