وفاقی حکومت نے نہال ہاشمی کو سندھ کا نیا گورنر تعینات کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق شہباز شریف نے تقرری کی سمری منظوری کیلئے آصف علی زرداری کو ارسال کر دی ہے۔
اس سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف نے نہال ہاشمی سے ملاقات بھی کی اور انہیں گورنر سندھ تعینات کیے جانے پر مبارک باد دی۔
مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما نہال ہاشمی کا تعلق کراچی سے ہے۔ وہ پیشے کے لحاظ سے وکیل اور سیاست دان ہیں اور مارچ 2015 سے فروری 2018 تک سینیٹ آف پاکستان کے رکن رہ چکے ہیں۔
نہال ہاشمی 28 جنوری 1960 کو مشرقی پاکستان میں پیدا ہونے والے نہال ہاشمی نے اپنی سیاست کا آغاز 90 کی دہائی میں کیا۔
انہوں نے نواز شریف کے نیب کیس اور مرتضیٰ بھٹو ٹربیونل جیسے ہائی پروفائل مقدمات میں اہم قانونی خدمات سرانجام دیں۔
سیاسی سفر کا آغاز 1992 میں مسلم لیگ ن میں شمولیت سے ہوا۔ 1997 میں وہ اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف کے مشیر برائے انسانی حقوق اور قانون و انصاف مقرر ہوئے، جہاں انہوں نے 1999 تک فرائض ادا کیے۔
نہال ہاشمی 2012 میں مسلم لیگ ن سندھ کی صدارت اور 2014 میں جنرل سیکرٹری کے عہدے پر بھی بٹھایا گیا۔
2015 کے سینیٹ انتخابات میں انہوں نے ن لیگ کے ٹکٹ پر کامیابی حاصل کی اور ایوانِ بالا کے رکن بنے۔ اس دوران انہیں ایک بار پھر وزیراعظم کا مشیر برائے قانون و انصاف مقرر کیا گیا۔
یکم فروری 2018 کو توہینِ عدالت کے کیس میں انہیں ایک ماہ قید اور 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔
اس سزا کے نتیجے میں ان کی سینیٹ رکنیت ختم ہوگئی اور وہ 5 سال کے لیے نااہل قرار پائے۔ ایک ماہ کی قید کاٹنے کے بعد وہ رہا ہوئے۔
