رومانیہ کے صدر نے کہا ہے کہ امریکا کو ایران میں جاری جنگ کے دوران رومانیہ کے بعض فوجی اڈے استعمال کرنے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق رومانیہ کے صدر نے بتایا کہ امریکی افواج ان فوجی اڈوں کو بنیادی طور پر ایندھن بھرنے والے طیاروں اور سیٹلائٹ مواصلاتی نظام کے لیے استعمال کر سکتی ہیں اس اقدام کا مقصد خطے میں جاری فوجی سرگرمیوں کے دوران لاجسٹک اور مواصلاتی سہولیات فراہم کرنا ہے۔
ایران کے ہمسایہ ممالک پر حملے درست نہیں، جنگ فوری روکی جائے، ترک صدر
رپورٹ کے مطابق امریکا نے ایران کے ساتھ جاری جنگ کے دوران رومانیہ کے فوجی اڈوں کے استعمال کی باضابطہ درخواست کی تھی۔ یہ درخواست رومانیہ کی دفاعی کونسل کے اجلاس میں زیر غور آئی جس کے بعد اس کی منظوری دے دی گئی۔
رومانیہ یورپی اتحاد یورپی یونین اور عسکری اتحاد نیٹو کا رکن ملک ہے، اس لیے اس معاملے کو خطے کی سیکیورٹی صورتحال کے تناظر میں بھی دیکھا جا رہا ہے۔
تاہم خبر رساں ادارے کے مطابق رومانیہ کی پارلیمنٹ نے فی الحال امریکی درخواست کی باضابطہ منظوری نہیں دی، جس کے باعث اس فیصلے کی مکمل قانونی توثیق ابھی باقی ہے۔
