رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ ایران کے ہمسایہ ممالک پر حملے درست نہیں اور خطے کو مزید کشیدگی کی طرف دھکیلنے کے بجائے جاری جنگ کو فوری طور پر روکنے کی ضرورت ہے۔
ترک صدر نے اپنے بیان میں خبردار کیا کہ اگر موجودہ صورتحال کو بروقت نہ سنبھالا گیا تو پورا خطہ سنگین بحران کا شکار ہو سکتا ہے۔
ترک صدر کے مطابق مشرقِ وسطیٰ پہلے ہی مختلف تنازعات اور عدم استحکام کا شکار ہے، اس لیے کسی بھی نئی جنگ یا کشیدگی کے پھیلاؤ سے حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ مسئلے کا پائیدار حل صرف سفارتکاری اور مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
ایران خطے کے کسی ملک کو نشانہ بنانے کا ارادہ نہیں رکھتا، ایرانی صدر کا وزیراعظم شہباز شریف سے رابطہ
ان کا کہنا تھا کہ اگر سفارتی کوششوں کو سنجیدگی سے موقع دیا جائے تو جاری جنگ کو روکا جا سکتا ہے اور خطے میں امن کی راہ ہموار کی جا سکتی ہے۔
ترک صدر نے مزید کہا کہ ترکیہ اس معاملے میں فعال کردار ادا کر رہا ہے اور تمام متعلقہ فریقین کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔
ان کے بقول ترکیہ کی کوشش ہے کہ بات چیت کے ذریعے کشیدگی کم کی جائے اور تنازع کے خاتمے کیلئے قابل قبول حل تلاش کیا جائے تاکہ خطے میں استحکام برقرار رکھا جا سکے۔
