ڈھاکا، پہلے ایک روزہ میچ میں بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں برتری حاصل کر لی۔
پاکستان کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 30.4 اوورز میں 114 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن ابتدا ہی سے مشکلات کا شکار رہی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔
صاحبزادہ فرحان 27 اور معاذ صداقت 18 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ شامل حسین 4، محمد رضوان 10 اور سلمان آغا 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
فہیم اشرف نے کچھ مزاحمت کرتے ہوئے 47 گیندوں پر 37 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 6 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ تاہم دیگر بیٹرز بڑی شراکت قائم نہ کر سکے اور پوری ٹیم 114 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
پی ایس ایل 11: ڈیوڈ وارنر دوبارہ کراچی کنگز کے کپتان مقرر
بنگلہ دیش کی جانب سے نوجوان فاسٹ بولر ناہید رانا نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ مہدی حسن میراز نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ تسکین احمد اور مستفیض الرحمان نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔
115 رنز کے آسان ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش نے جارحانہ انداز اپنایا۔ اوپنر تنزید حسن نے دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے 42 گیندوں پر 67 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں 7 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔
نجمل حسین شانتو نے 27 رنز بنائے جبکہ لٹن داس 3 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، بنگلہ دیش نے مطلوبہ ہدف 15.1 اوورز میں صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے میچ با آسانی اپنے نام کر لیا۔
