پاکستان کی معروف اداکارہ و میزبان فضا علی کے رمضان ٹرانسمیشن کے دوران ایک بیان نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی، جس کے بعد ماہرِ نفسیات ڈاکٹر نبیہا علی خان کے شوہر کا ردِعمل بھی وائرل ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق، فضا علی نے نجی ٹی وی کے رمضان پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ازدواجی تنازع سے متعلق تبصرہ کیا، جس میں ڈاکٹر نبیہا علی خان اور ان کے شوہر کا حوالہ دیا گیا۔ پروگرام کے نشر ہوتے ہی یہ معاملہ سوشل میڈیا پر زیرِ بحث آ گیا اور صارفین کی جانب سے مختلف آراء سامنے آنے لگیں۔
سائرہ یوسف کی سابقہ ساس سمیت اہم خواتین کے لیے خراجِ تحسین
ڈاکٹر نبیہا علی خان کے شوہر حارث کھوکھر نے حالیہ ٹک ٹاک انٹرویو میں کہا کہ رمضان جیسے مقدس مہینے میں ذاتی اور خاندانی معاملات کو عوامی سطح پر زیرِ بحث لانا مناسب عمل نہیں۔ ان کے مطابق میاں بیوی کے درمیان پیدا ہونے والے اختلافات عموماً باہمی گفتگو کے ذریعے حل کیے جا سکتے ہیں، لیکن جب ایسے معاملات کو میڈیا یا سوشل میڈیا پر لایا جاتا ہے تو مسئلہ مزید پیچیدہ ہو جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نجی تنازعات کو عوامی بحث کا حصہ بنانے سے نہ صرف غلط فہمیاں بڑھتی ہیں بلکہ معاملہ سلجھنے کے بجائے مزید الجھ جاتا ہے۔ ان کا مؤقف تھا کہ ازدواجی مسائل کو بہتر طور پر فریقین کے درمیان ہی حل کیا جانا چاہیے، تاکہ غیر ضروری تنازعات اور قیاس آرائیوں سے بچا جا سکے۔
رجب بٹ کے طلاق نوٹس پر ایمان فاطمہ کا جذباتی بیان
اس بیان کے سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر اس معاملے پر نئی بحث چھڑ گئی ہے۔ کچھ صارفین فضا علی کے مؤقف پر تنقید کر رہے ہیں، جبکہ دیگر افراد اسے نجی معاملہ قرار دیتے ہوئے محتاط رویہ اختیار کرنے کا مشورہ دے رہے ہیں۔
