کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ کے تعلیمی ادارے 16 سے 31 مارچ تک بند رہیں گے۔ جبکہ سرکاری گاڑیوں کے لیے 50 فیصد فیول کم کر دیا گیا ہے۔ دفاتر ہفتے میں چار دن کھلیں گے اور جمعہ کو ملازمین گھر سے کام کریں گے۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کابینہ اجلاس کے بعد پریس بریفنگ میں کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا۔ جس میں کابینہ نے اہم فیصلے کیے۔
انہوں نے کہا کہ اجلاس میں ورکرز کارڈ جاری کرنے اور بے نظیر ایگریکلچر کارڈ کی منظوری دی گئی۔ جبکہ محنت کش خواتین کے لیے 50 کروڑ روپے کے انڈومنٹ فنڈ کی بھی منظوری دی گئی۔ خواتین کو حراسانی سے تحفظ دینے اور بنیادی حقوق کے حوالے سے بھی سفارشات تیار کی جائیں گی۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ملیر میں نرسنگ اسکول کے قیام کی منظوری دی گئی ہے۔ جبکہ حکومت سندھ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بھی عملی اقدامات کر رہی ہے۔ کابینہ نے گندم کے موجودہ اسٹاک کو فوری طور پر مارکیٹ میں لانے کا فیصلہ بھی کیا۔
انہوں نے کہا کہ کفایت شعاری اقدامات کے تحت سندھ بھر میں سرکاری گاڑیوں کے لیے 50 فیصد فیول کم کر دیا گیا ہے۔ جس سے تقریباً 960 ملین روپے کی بچت متوقع ہے۔ صوبے کے وزرا نے تین ماہ کی تنخواہیں اور مراعات نہ لینے کا بھی فیصلہ کیا۔ جبکہ نئی سرکاری گاڑیوں اور سامان کی خریداری پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
شرجیل میمن نے بتایا کہ بیرون ملک دوروں پر بھی پابندی ہو گی۔ جبکہ ہفتے میں چار دن دفاتر کھلے رہیں گے اور جمعہ کے روز ملازمین گھر سے کام کریں گے۔ سرکاری اداروں میں آئندہ دو ماہ تک ریفریشمنٹ کے اخراجات حکومت ادا نہیں کرے گی۔ اور غیر ضروری پروٹوکول اور سیکیورٹی بھی واپس لی جائے گی۔
تعلیمی فیصلوں کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ سندھ بھر کے اسکولوں میں 16 سے 31 مارچ تک تعطیلات ہوں گی۔ جبکہ کالجز اور جامعات میں آن لائن کلاسز کا انعقاد کیا جائے گا، تاہم امتحانات شیڈول کے مطابق مقررہ وقت پر ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے ساحل پر ڈولفن مچھلیوں کے جھنڈ کا دلکش نظارہ
شرجیل میمن نے مزید کہا کہ سندھ بھر میں افطار پارٹیوں پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے اور وزیراعلیٰ سندھ نے کفایت شعاری اقدامات پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ متحد کھڑی ہے اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج بہادری سے کردار ادا کر رہی ہیں۔
