اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے شعبہ ویجیلنس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے والدین سے بچھڑنے والی کمسن بچی کو 11 گھنٹے بعد بحفاظت والدین کے حوالے کر دیا۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق کوہاٹ سے آنے والی ایک کمسن بچی اچانک ایئرپورٹ پر اپنے والدین سے بچھڑ گئی۔ جس کے بعد ایئرپورٹ عملے نے فوری طور پر بچی کو تحویل میں لے لیا۔
بچی کے والدین کی تلاش کے لیے فلائٹ انکوائری کاؤنٹر اور پی اے سسٹم کے ذریعے مسلسل اعلانات کیے گئے تاہم ابتدائی طور پر والدین کا سراغ نہ مل سکا۔
بعد ازاں ایئرپورٹ عملے نے خوفزدہ اور پریشان بچی کو ڈی وی او آفس منتقل کر دیا۔ جہاں اس کی دیکھ بھال کی گئی اور دلجوئی کے لیے اسے اسنیکس، جوس اور کھانا بھی فراہم کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق بچی کے گاؤں سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کے ذریعے اس کے والدین سے رابطہ قائم ہوا جس کے بعد وہ ایئرپورٹ پہنچ گئے۔ ضروری تصدیقی عمل مکمل ہونے کے بعد بچی کو بحفاظت والدین کے حوالے کر دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ کابینہ کا اسکولوں کی بندش؛ افطار پارٹیوں پر پابندی اور سرکاری دفاتر 4 دن کھولنے کا فیصلہ
ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ پورے معاملے کو انسانی ہمدردی اور پیشہ ورانہ انداز میں نمٹایا گیا۔
