عالمی فٹبال تنظیم فیفا کے چیف آپریٹنگ افسر ہیمو شرگی نے کہا ہے کہ 2026 کا ورلڈ کپ مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باوجود اپنے مقررہ وقت پر ہی منعقد ہوگا۔
امریکی شہر ڈلاس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ ایک بہت بڑا ایونٹ ہے اور اسے ملتوی کرنا ممکن نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ تمام کوالیفائی کرنے والی ٹیمیں اس میں شرکت کر سکیں گی۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ فیفا مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور روزانہ کی بنیاد پر بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ حالات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
فیفا کے مطابق ایران کی ٹیم نے ایشین فٹ بال کنفیڈریشن کے ذریعے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا ہے، تاہم موجودہ جنگ کے باعث اس کی شرکت کے بارے میں غیر یقینی صورتحال پائی جاتی ہے۔
شیڈول کے مطابق ایران کو گروپ جی میں بیلجیئم، نیوزی لینڈ اور مصر کے خلاف میچ کھیلنا ہیں، جن میں سے دو مقابلے لاس اینجلس جبکہ ایک سیٹل میں ہوگا۔
2026 کا ورلڈ کپ تاریخ کا سب سے بڑا ٹورنامنٹ ہوگا جس میں 48 ممالک شرکت کریں گے۔ مقابلے تین میزبان ممالک امریکا، میکسیکو اور کینیڈا میں کھیلے جائیں گے۔
