اسلام آباد: پاکستان محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ایران میں تیل کی تنصیبات پر حالیہ حملوں کے بعد پیدا ہونے والی آلودگی ہوا کے ذریعے پاکستان کے مغربی علاقوں تک پہنچ سکتی ہے جس سے فضائی معیار متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ایران میں جاری صورتحال کے باعث چلنے والی ہوائیں آلودہ ذرات کو پاکستان کے مغربی حصوں کی طرف لے جا سکتی ہیں۔ جس سے ان علاقوں میں فضا مزید خراب ہو سکتی ہے۔
رپورٹس کے مطابق 28 فروری کو ہونے والے حملوں کے بعد ایران اور امریکہ اور اسرائیل کے درمیان جنگی صورتحال پیدا ہو گئی تھی۔ بعد ازاں 7 مارچ کو تہران میں آئل ریفائنریوں اور ایندھن کے ڈپوؤں پر بڑے فضائی حملوں کے بعد شہر پر زہریلا دھواں چھا گیا۔ جبکہ بعض علاقوں میں سیاہ اور تیل آلود بارش بھی رپورٹ ہوئی۔
تیل کی تنصیبات سے اٹھنے والے گھنے دھوئیں کے باعث کئی مقامات پر سورج کی روشنی بھی مدھم پڑ گئی۔
ایرانی ریڈ کریسنٹ سوسائٹی نے شہریوں کو صحت کے خطرات سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ فضا میں خارج ہونے والی زہریلی گیسیں، سلفر اور نائٹروجن آکسائیڈ جلد اور پھیپھڑوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہیں۔
دوسری جانب پاکستان محکمہ موسمیات کے مطابق ایک مغربی موسمی سلسلہ پیر کی شام ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو گا۔ جو 12 مارچ تک برقرار رہ سکتا ہے۔ جس کے باعث بارش اور گرج چمک کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایران کی تیل تنصیبات پر حملوں پر امریکا اور اسرائیل میں پہلا بڑا اختلاف
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ خیبر پختونخوا کے اضلاع دیر، کوہستان، چترال، سوات، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، مالاکنڈ، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور میں وقفے وقفے سے بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔
