آبنائے ہرمز کی ممکنہ بندش اور ایران پر امریکا و اسرائیل کے حملوں کے باعث مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی نے عالمی منڈی کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ جس کے نتیجے میں آج پھر تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی کروڈ آئل کی قیمت بڑھ کر 90 اعشاریہ 90 ڈالر فی بیرل تک جا پہنچی ہے۔ جبکہ ڈبلیو تی کروڈ آئل کی قیمت میں 12 اعشاریہ 21 فیصد کا بڑا اضافہ دیکھا گیا۔
دوسری جانب برطانوی برینٹ کروڈ آئل اعشاریہ 69 ڈالر فی بیرل پر فروخت ہو رہا ہے۔ جس کی قیمت میں 8 اعشاریہ 52 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں تیزی معاشی طور پر تشویشناک رجحان اختیار کر رہی ہے۔
مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے اثرات پاکستان پر بھی پڑنا شروع ہو گئے ہیں۔ حالیہ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں پیٹرول کی قیمت 321 روپے فی لیٹر تک پہنچ چکی ہے۔ جو خطے میں سب سے زیادہ قرار دی جا رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اگر پاکستانی کرنسی میں تقابلی جائزہ لیا جائے تو سعودی عرب میں پیٹرول 172 روپے فی لیٹر، متحدہ عرب امارات میں 186 روپے جبکہ قطر میں 144 روپے فی لیٹر میں فروخت ہو رہا ہے۔
اسی طرح عمان اور بحرین میں پیٹرول کی قیمت تقریباً 172 روپے فی لیٹر ہے۔ جبکہ امریکا میں 247 روپے، بھارت اور چین میں تقریباً 305 روپے فی لیٹر میں فروخت ہو رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایرانی حملوں سے اسرائیل تباہی کے دہانے پر ہے، سابق امریکی کرنل کا دعویٰ
دوسری جانب دنیا میں سب سے سستا پیٹرول لیبیا اور ایران میں تقریباً ساڑھے 5 روپے فی لیٹر کے قریب دستیاب ہے۔ جبکہ ہانگ کانگ میں پیٹرول کی قیمت سب سے زیادہ ہو کر ایک ہزار 77 فی لیٹر تک پہنچ چکی ہے۔
