اسلام آباد: وزیر اعظم کے مشیر اختیار ولی خان نے کہا ہے کہ حالات بہتر ہونے پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں واپس اپنی جگہ پر آجائیں گی۔
وزیر اعظم شہباز شریف کے مشیر اختیار ولی خان نے ہم نیوز کے پروگرام “پاکستان ٹونائیٹ” میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات مہنگی کرنا مجبوری تھی تاہم حالات بہتر ہوئے تو قیمتیں کم ہو جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمتوں میں اضافے کے باعث پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات مہنگی کرنا پڑیں۔ اور حکومت نے یہ فیصلہ بوجھل دل کے ساتھ کیا ہے۔ اس پر حکومت بھی خوش نہیں ہے۔
اختیار ولی خان نے کہا کہ موجودہ حالات میں قیمتیں بڑھانے کے علاوہ حکومت کے پاس کوئی اور مؤثر آپشن موجود نہیں تھا۔ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف اقدامات کیے ہیں تاکہ مصنوعی قلت پیدا نہ ہو اور عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
یہ بھی پڑھیں: عوام پر بوجھ ڈالنے والے اقدام کی حمایت نہیں کریں گے، سہیل آفریدی
انہوں نے کہا کہ حکومت متبادل راستوں کے ذریعے تیل کی ترسیل یقینی بنانے کے لیے بھی اقدامات کر رہی ہے۔ تاکہ سپلائی متاثر نہ ہو۔ جیسے ہی حالات بہتر ہوں گے اور عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہوں گی تو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بھی واپس اپنی سطح پر آ جائیں گی۔
