اسلام آباد: راولپنڈی اور اسلام آباد میں دہشت گردی کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر سیکیورٹی اداروں نے ہائی الرٹ جاری کر دیا۔ حکام کے مطابق آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران دہشت گردوں کی جانب سے ممکنہ کارروائی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) سے منسلک دہشت گرد گروہوں اور سلیپر سیلز پر افغان طالبان حکومت کے بڑھتے دباؤ کے باعث ردعمل میں حملوں کا امکان پیدا ہوا ہے۔ جس کے نتیجے میں سیکیورٹی فورسز اور عوامی مقامات کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔
حکام کے مطابق اسلام آباد کے حساس مقامات میں فیصل مسجد، سینٹورس مال، پمز اسپتال، ایچ-8 اتوار بازار اور جی-6 بازار کی مساجد شامل ہیں۔ جہاں تراویح اور جمعہ کی نماز کے اوقات میں حملوں کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ شاپنگ مالز اور دیگر رش والے مقامات کو بھی ممکنہ ہدف قرار دیا گیا ہے۔
راولپنڈی میں صدر، راجہ بازار، صادق آباد بازار (ٹرالی اڈہ)، دبئی پلازہ اور موتی بازار سمیت مصروف تجارتی علاقوں کو بھی حساس قرار دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بحریہ ٹاؤن کے سی او او کو منی لانڈرنگ کیس میں 10 سال قید
سیکیورٹی حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران غیر ضروری طور پر پرہجوم مقامات اور عارضی اسٹالز پر جانے سے گریز کریں۔ اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ اداروں کو اطلاع دیں
