بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کراچی (ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی) نے میٹرک امتحانات کے لیے نیا گریڈنگ سسٹم نافذ کر دیا ہے جس کے تحت پاس ہونے کے لیے درکار نمبروں کے تناسب میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔
بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق نئے نظام کے تحت پاسنگ مارکس 33 فیصد سے بڑھا کر 40 فیصد کر دیئے گئے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق 100 نمبر کے تحریری پرچے میں پاس ہونے کے لیے اب 33 کے بجائے کم از کم 40 نمبر حاصل کرنا ضروری ہوں گے۔ اسی طرح 75 نمبر کے پرچے کے پاسنگ مارکس 25 سے بڑھا کر 30 کر دیے گئے ہیں۔
پنجاب بھر کے اسکولوں میں مارننگ اسمبلی تاحکم ثانی ختم کر دی گئی
اعلامیے کے مطابق پریکٹیکل امتحانات میں بھی پاسنگ نمبروں میں اضافہ کیا گیا ہے، 45 نمبر کے پریکٹیکل کے لیے پہلے 15 نمبر درکار ہوتے تھے تاہم اب پاس ہونے کے لیے کم از کم 18 نمبر لینا ہوں گے۔
بورڈ حکام کے مطابق نئے گریڈنگ سسٹم کا فوری اطلاق نہم جماعت کے امتحانات پر کر دیا گیا ہے جبکہ دہم جماعت کے امتحانات کے لیے یہ نظام 2027 سے نافذ العمل ہوگا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد تعلیمی معیار کو بہتر بنانا اور طلبہ کی کارکردگی کو مزید مؤثر انداز میں جانچنا ہے۔
