تہران: مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور امریکا و اسرائیل کی جارحیت کے دوران ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ حالیہ حملوں میں ایران کے 1045 شہری جاں بحق ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایران میں مختلف حملوں کے نتیجے میں 1045 سے زائد افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ جب پیچیدہ جوہری مذاکرات کو رئیل اسٹیٹ کی خرید و فروخت سمجھ لیا جائے۔ اور جھوٹ حقائق پر غالب آجائے تو غیر حقیقی توقعات کبھی پوری نہیں ہو سکتیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکی صدر نے سفارت کاری اور اپنے ووٹرز دونوں کے ساتھ دھوکہ کیا۔ اور میز پر بمباری کر کے مذاکرات کو تباہ کر دیا۔
دوسری جانب امریکی آبدوز نے سری لنکا کے قریب ایرانی بحریہ کے ایک فریگیٹ کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا۔ حملے کے نتیجے میں 100 سے زائد افراد کے جاں بحق ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ جبکہ 32 افراد کو زخمی حالت میں ریسکیو کر لیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی وزیر جنگ کے بڑے دعوے، ایک ہفتے میں فضائی کنٹرول حاصل کرنے کا اعلان
رپورٹس کے مطابق جہاز بھارت میں ہونے والی عالمی فلیٹ ریویو ملان 2026 بحری مشق میں شرکت کے بعد واپس آ رہا تھا۔ جبکہ 148 افراد تاحال لاپتہ بتائے جا رہے ہیں۔
