کراچی: مشرق وسطیٰ میں کشیدہ صورتحال کے باعث آر ایل این جی کی سپلائی میں خلل پڑنے سے شہر قائد میں گیس کا بحران سنگین ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق شہر قائد میں صبح 9 بجے کے بعد مختلف علاقوں میں گیس بند کی جا رہی ہے۔ جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آر ایل این جی کی فراہمی متاثر ہونے سے سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کے سسٹم میں گیس کی قلت پیدا ہو گئی ہے۔ کراچی میں اس وقت تقریباً 650 ایم ایم سی ایف ڈی گیس قدرتی ذرائع سے فراہم کی جا رہی ہے۔ جبکہ آر ایل این جی کے ذریعے 80 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی کمی نے بحران کو مزید گہرا کر دیا ہے۔
گیس کی بندش سے نیو کراچی، نارتھ کراچی، سرجانی ٹاؤن، فیڈرل بی ایریا، شادمان ٹاؤن، ناظم آباد، لیاقت آباد، دستگیر، گلشن اقبال، گارڈن، لی مارکیٹ اور اورنگی سمیت متعدد علاقے متاثر ہوئے ہیں، جہاں شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں۔
ایس ایس جی سی ذرائع کے مطابق قطر نے آر ایل این جی کا پلانٹ بند کر دیا ہے۔ اور اس وقت کوئی کارگو پاکستان کی جانب رواں دواں نہیں۔ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو گیس کی فراہمی کے لیے نیا شیڈول جاری کیا جا سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں پیٹرول مہنگا ہونے کا خدشہ، قلت کی افواہیں، اوگرا کا وضاحتی بیان
کمپنی حکام کا کہنا ہے کہ 10 مارچ کے بعد گیس کی فراہمی سے متعلق نیا شیڈول جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
