واشنگٹن: امریکا کے وزیر جنگ پیٹ ہیگستھ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور اسرائیل ایک ہفتے کے اندر ایران کی فضاؤں پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیں گے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگستھ نے میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ امریکا خطے میں مزید فوجی دستے تعینات کر رہا ہے۔ اور ایران کے خلاف جاری کارروائیوں میں پیشرفت ہو رہی ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہم ایران میں اپنی جنگ جیت رہے ہیں اور ایک ہفتے کے اندر اس کی فضاؤں پر ہمارا کنٹرول ہو گا۔ بحیرۂ ہند میں ایک ایرانی جہاز کو نشانہ بنایا گیا جبکہ ایک امریکی آبدوز نے ٹارپیڈو کے ذریعے ایرانی جنگی جہاز پر حملہ کیا۔
پیٹ ہیگستھ نے کہا کہ مبینہ آبدوز حملہ سری لنکا کی سمندری حدود کے قریب ہوا۔ اور امریکی کارروائی کے نتیجے میں ایرانی جہاز سری لنکا کے قریب ڈوب گیا۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی جانب سے میزائل اور ڈرون حملوں میں نمایاں کمی آئی ہے۔ جبکہ امریکی افواج کے پاس اس جنگ کے لیے وافر ہتھیار موجود ہیں۔ نقصانات کا مکمل جائزہ لینے میں کچھ وقت لگے گا تاہم کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری ہیں۔
ایک اور سنگین دعوے میں امریکی وزیر جنگ نے کہا کہ ایران نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو قتل کرانے کی کوشش کی تھی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ایران کا امریکا کے ساتھ کسی جوہری معاہدے پر سنجیدہ مذاکرات کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا نے ایرانی حملوں میں ہلاک فوجیوں کے نام ظاہر کر دیئے
پیٹ ہیگستھ نے واضح کیا کہ ایران کے خلاف جنگ اس وقت تک جاری رہے گی جب تک صدر ٹرمپ کے اہداف حاصل نہیں ہو جاتے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران پر بھرپور وار جاری ہے اور وہ “گرنے کے قریب” ہے۔
