واشنگٹن: امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے ایران کے خلاف جاری کشیدگی کے دوران کویت میں ہونے والے ڈرون حملے میں ہلاک 6 امریکی فوجیوں میں سے چار کی شناخت ظاہر کر دی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق پینٹاگون کے مطابق حملہ یکم مارچ کو کویت کے پورٹ الشعیبہ میں قائم ایک عارضی آپریشن سینٹر پر کیا گیا۔ جہاں امریکی فوجی خطے میں جاری کارروائیوں کی معاونت کر رہے تھے۔
ہلاک ہونے والے فوجیوں میں 35 سالہ کمانڈر کوڈی خورک، 42 سالہ سارجنٹ نائل ٹیتجنس، 39 سالہ سارجنٹ نیکول امور اور 20 سالہ سارجنٹ ڈیکلین کودی شامل ہیں۔
ان چاروں کا تعلق 103ویں سپورٹ کمانڈ سے تھا۔ جو امریکی آرمی ریزرو کی یونٹ ہے اور بیرون ملک فوجی مشنز میں لاجسٹک اور آپریشنل معاونت فراہم کرتی ہے۔
پینٹاگون نے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور باقی 2 فوجیوں کے نام فی الحال ظاہر نہیں کیے گئے۔ ڈرون حملے میں متعدد دیگر سروس ممبران بھی زخمی ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ یہ حملہ ایران کے ساتھ جاری جنگی تناؤ کے دوران پیش آیا۔ جس میں امریکا اور اس کے اتحادی شامل ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور دیگر حکام نے فوجیوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اہلخانہ سے تعزیت کی اور کہا کہ خطے میں مزید نقصان کا خدشہ موجود ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایران کے ساتھ کسی قسم کی بات چیت نہیں ہو رہی، قطر
ادھر پورٹ الشعیبہ میں تعینات یونٹ کی سیکیورٹی کے حوالے سے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق عارضی آپریشن سینٹر کی دفاعی تیاری محدود تھی۔ جس کے باعث حملے کو مؤثر انداز میں روکا نہ جا سکا۔
