دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایران کے میزائل حملے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے دوران ایران کی جانب سے خلیجی ممالک پر میزائل اور ڈرون حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ جس کے باعث خطے میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔
اسی تناظر میں دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹرمینل تھری کے قریب ایک واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں چار افراد زخمی ہو گئے۔ اماراتی حکام کے مطابق ایئرپورٹ کے ایک حصے کو معمولی نقصان پہنچا تاہم صورتحال کو فوری طور پر قابو میں لے لیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ زخمی افراد کو فوری طبی امداد فراہم کر دی گئی ہے۔ اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر بیشتر ٹرمینلز کو پہلے ہی خالی کروا لیا گیا تھا۔ جس کے باعث کسی بڑے جانی نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔
اطلاعات کے مطابق دبئی سمیت بعض اہم شہروں میں ہوائی اڈوں، ہوٹلوں اور دیگر تنصیبات کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ جس کے باعث فضائی آپریشن متاثر ہوئے اور سفری نظام میں خلل پیدا ہوا۔
صورتحال کے پیش نظر دبئی ایئرپورٹ سمیت چند دیگر ہوائی اڈوں پر پروازیں عارضی طور پر معطل یا منسوخ کر دی گئی ہیں۔ مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور متعلقہ ایئرلائنز سے رابطے میں رہیں۔
اماراتی حکام نے شہریوں کو سیکیورٹی الرٹس جاری کرتے ہوئے محفوظ مقامات پر رہنے اور سرکاری ہدایات پر عمل کرنے کی تاکید کی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔
