پنجاب بھر کے اسکولوں میں مارننگ اسمبلی تاحکم ثانی ختم کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔
ڈی پی آئی سیکنڈری ایجوکیشن اسکولز پنجاب نے صوبے بھر کے اسکولوں کیلئے اہم سکیورٹی ہدایات جاری کرتے ہوئے مارننگ اسمبلی تا حکمِ ثانی معطل کرنے کا اعلان کر دیا۔
جاری کردہ مراسلے کے مطابق پنجاب بھر کے تمام سرکاری و نجی اسکولوں میں سکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ تمام اسکولوں میں نصب سی سی ٹی وی کیمرے فوری طور پر فعال (فنکشنل) کیے جائیں اور ان کی مسلسل مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے۔
حکام نے ہر استاد کیلئے اینڈرائیڈ موبائل فون پر پنجاب سیف سٹی ایپ ڈاؤن لوڈ کرنا لازمی قرار دے دیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اطلاع دی جا سکے۔
اسکولوں کے مین گیٹس اوقاتِ کار کے دوران بند رکھے جائیں اور غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر سختی سے پابندی عائد ہو گی، مزید برآں تمام تعلیمی اداروں میں ایمرجنسی ڈرلز کروانے اور طلبہ و عملے کو ایگزٹ پوائنٹس سے مکمل آگاہی فراہم کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
پنجاب کے تعلیمی بورڈز نے نویں اور دسویں کے سالانہ امتحانات کی ڈیٹ شیٹ جاری کر دی
ڈی پی آئی سیکنڈری ایجوکیشن کی جانب سے ہائی اسکول طلبہ کو کسی بھی قسم کے احتجاج میں شرکت سے روکنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ان احکامات پر عملدرآمد کی روزانہ کی بنیاد پر رپورٹس بمعہ تصاویر متعلقہ حکام کو ارسال کی جائیں گی تاکہ سیکیورٹی صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا سکے۔
