امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی فوج اور پولیس کو نئی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہتھیار ڈالنے والوں کومعافی ملے گی ورنہ یقینی موت کا سامنا کرنا ہوگا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا نے ایران میں سینکڑوں عسکری اہداف کو نشانہ بنایا ہے، جن میں پاسدارانِ انقلاب کے مراکز، فضائی دفاعی نظام اور بحری تنصیبات شامل ہیں۔
صدر ٹرمپ کے مطابق امریکی افواج نے ایرانی بحریہ کے ہیڈکوارٹر کو بڑی حد تک تباہ کر دیا ہے جبکہ 9 بحری جہازوں کو بھی نشانہ بنایا گیا، انہوں نے کہا کہ بقیہ جہازوں کو بھی جلد تباہ کر دیا جائے گا اور وہ سمندر میں ڈوب جائیں گے۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کی پوری فوجی کمانڈ ختم ہو چکی ہے، ایران کی فوجی کمانڈ کا ڈھانچہ شدید متاثر ہوا ہے اور متعدد اہلکار ہتھیار ڈالنے کے خواہش مند ہیں، انہوں نے ایرانی فوج، پاسدارانِ انقلاب اور پولیس کو ہتھیار ڈالنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہتھیار ڈالنے والوں کو معافی دی جائے گی، بصورت دیگر انہیں یقینی انجام کا سامنا کرنا ہوگا۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ فوجی کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک تمام مقاصد حاصل نہیں ہو جاتے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی نیوی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے اور مہم کے دوران مزید امریکی ہلاکتوں کا بھی خدشہ ہے۔
خامنہ ای کی شہادت کے بعد عبوری قیادت کونسل قائم ، علی رضا اعرافی فقیہ مقرر
ٹرمپ نے کہا کہ امریکا مرنے والے فوجیوں کے غم میں شریک ہے اور انہیں سچے محب وطن قرار دیا، انہوں نے ایرانی عوام سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنا ملک واپس حاصل کریں اور یقین دلایا کہ امریکا ایرانی عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔
