اسرائیل کی جانب سے تہران پر نئے حملے کئے گئے ہیں جبکہ ایران کی جوابی کارروائیاں پورے خطے تک پھیل گئیں۔
اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی فضائیہ نے ایرانی دارالحکومت تہران کے “دل” میں اہداف کو نشانہ بناتے ہوئے حملوں کی نئی لہر شروع کر دی ہے، جبکہ ایران نے بھی دوسرے روز وسیع پیمانے پر جوابی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔
ایرانی پارلیمانی اسپیکر کی ٹرمپ اور نیتن یاہو کو وارننگ
اسرائیلی دفاعی افواج (آئی ڈی ایف) کے بیان کے مطابق آپریشن “رورنگ لائن” کے آغاز کے بعد پہلی بار تہران کے مرکزی علاقوں میں ان اہداف کو نشانہ بنایا گیا جو اسرائیل کے بقول ایرانی حکومت سے وابستہ ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ گزشتہ ایک روز کے دوران اسرائیلی فضائیہ نے بڑے پیمانے پر حملے کر کے فضائی برتری قائم کرنے اور تہران تک راستہ ہموار کرنے کی کوشش کی۔
تہران سے موصولہ اطلاعات کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں زور دار دھماکے سنے گئے، جبکہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تصاویر میں شہر کے اوپر گہرے دھوئیں کے بادل دکھائی دیے۔ ان حملوں سے ایک روز قبل امریکہ اور اسرائیل کی مشترکہ کارروائی میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای شہید ہو گئے تھے۔
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای شہیدہو گئے
ادھر ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے اعلان کیا کہ اس نے اسرائیل اور خطے میں موجود امریکی اڈوں کے خلاف میزائل اور ڈرون حملوں کی “چھٹی لہر” شروع کر دی ہے۔ ایرانی خبر رساں اداروں کے مطابق یہ حملے مشرق وسطیٰ کے مختلف ممالک تک پھیل گئے ہیں۔
اسرائیل میں فوج نے کہا کہ ایران کی جانب سے داغے گئے میزائلوں کی نشاندہی کر لی گئی ہے اور دفاعی نظام فعال ہے۔ وسطی اور جنوبی اسرائیل میں متعدد بار سائرن بجنے کی اطلاعات ہیں۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق تل ابیب میں ایرانی حملوں میں 40عمارتوں کونقصان پہنچاہے جبکہ 200سے زائداسرائیلی شہریوں کوگھروں سےنکال کرہوٹلوں میں منتقل کردیاگیا۔
دبئی میں عینی شاہدین نے صبح کے وقت کئی دھماکوں کی آوازیں سننے کی تصدیق کی۔ فضائی دفاعی کارروائی کے دوران گرنے والے ملبے سے بزنس بے کے قریب آگ لگ گئی جبکہ جبل علی کی بندرگاہ سے دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے۔
دوحہ میں بھی صبح ساڑھے سات بجے کے قریب کئی زور دار دھماکے سنے گئے۔ قطر کی وزارت داخلہ کے مطابق 16 افراد زخمی ہوئے اور بعض علاقوں میں محدود مالی نقصان ہوا ہے۔
ایرانی پاسداران انقلاب کا آبنائے ہرمز بند کرنے کا اعلان
منامہ میں سرکاری میڈیا نے اطلاع دی کہ فضائی دفاعی نظام نے رات بھر میں کم از کم 45 میزائل اور 9 ڈرون تباہ کیے۔ منامہ میں کراؤن پلازہ ہوٹل کے قریب دھواں اٹھنے کی ویڈیوز بھی سامنے آئیں۔
اربیل ایئرپورٹ کے قریب آگ لگنے اور گہرے سیاہ دھوئیں کی تصاویر جاری کی گئیں، جبکہ ایرانی میڈیا کے مطابق شہر میں شدید دھماکے سنے گئے۔
مسقط میں دقم کمرشل پورٹ کو دو ڈرونز سے نشانہ بنانے کی اطلاع ہے، جس میں ایک کارکن زخمی ہوا۔ امریکی سفارت خانے نے مسقط میں عملے اور امریکی شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر گھروں میں ہی رہیں۔
ان حملوں اور جوابی کارروائیوں کے نتیجے میں عالمی فضائی سفر اور تیل کی تجارت شدید متاثر ہوئی ہے، جبکہ خطے کے بڑے ہوائی اڈوں پر آپریشن معطل یا محدود کر دیا گیا ہے۔ صورتحال تیزی سے بدل رہی ہے اور مختلف شہروں میں مزید دھماکوں کی اطلاعات کی تصدیق کا عمل جاری ہے۔
