تہران: ایران میں تعینات پاکستانی سفیر مدثر ٹیپو نے پاکستانی شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کر دی۔
ایران کے دارالحکومت تہران میں تعینات پاکستان کے سفیر مدثر ٹیپو نے موجودہ سیکیورٹی صورتحال کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صبح 9 بجے سے شدید حملوں کا آغاز ہوا جس کے بعد حالات کشیدہ ہو گئے ہیں۔
مدثر ٹیپو کے مطابق تہران میں انٹرنیٹ کی شدید بندش کا سامنا ہے۔ جس کے باعث رابطوں میں بڑی مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ انٹرنیٹ کی عدم دستیابی کی وجہ سے شہریوں اور سفارتی عملے کو ایک دوسرے سے رابطہ قائم رکھنے میں دشواری ہو رہی ہے۔
مدثر ٹیپو نے کہا کہ تہران کی سڑکوں پر غیر معمولی رش دیکھنے میں آ رہا ہے۔ اور لوگ کئی کئی گھنٹے ٹریفک میں پھنسے ہوئے ہیں۔ جس سے شہری زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران میں موجود پاکستانیوں کی سہولت اور رہنمائی کے لیے سفارتخانے میں ایک خصوصی یونٹ قائم کیا گیا ہے جو کمیونٹی سے مسلسل رابطے میں ہے۔
مدثر ٹیپو نے ایران میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو احتیاط برتنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی۔
یہ بھی پڑھیں: ایران پر اسرائیلی حملہ، ایرانی وزیر دفاع اور پاسداران انقلاب کے سربراہ کی شہادت کا دعویٰ
انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ پاکستان کی جانب سے بھی ایران میں موجود پاکستانیوں کے لیے ایڈوائزری جاری کر دی گئی ہے۔ ایرانی حدود میں سفر کے دوران پاکستانی شہری محتاط رہیں۔ اور مقامی ہدایات پر عمل کریں۔ جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر سفارتخانے سے رابطہ کریں۔
