کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت کے لیے شاداب خان کا نام تجویز کر دیا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ موجودہ کپتان سلمان علی آغا کی جگہ اگر نیا فرد مقرر کرنا ہو تو شاداب خان بُرے انتخاب ثابت نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ٹیم کے پاس قیادت کے لیے زیادہ متبادل آپشنز موجود نہیں ہیں۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ اگر ہیڈ کوچ مائیک ہیسن اپنے عہدے پر برقرار رہتے ہیں۔ تو میرے خیال میں شاداب خان کو کپتانی سونپی جا سکتی ہے۔ تاہم قیادت کے لیے شاداب خان کو اپنی کارکردگی میں تسلسل دکھانا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ اگر شاداب خان ماضی کی طرح اپنی باؤلنگ میں مستقل مزاجی برقرار رکھتے تو ان کا کیس مزید مضبوط ہوتا۔ تاہم کپتان بننے کے بعد بھی انہیں باقاعدگی سے پرفارم کرنا ہو گا۔ تاکہ ان کی قیادت پر سوال نہ اٹھیں۔
یہ بھی پڑھیں: جنوبی افریقا کے خلاف میچ میں پاکستان نے تاریخ رقم کر دی
واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) مینز ٹی 20 ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے خلاف سپر ایٹ مرحلے میں شکست کے بعد قومی ٹیم ایونٹ سے باہر ہونے کے دہانے پر ہے۔ جس کے بعد کپتانی کے مستقبل پر بحث نے شدت اختیار کر لی۔
