ایف پی ایس سی(Federal Public Service Commission) نے حاضر سروس سرکاری ملازمین کے لیے اہم ہدایت جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کمیشن کی جانب سے مشتہر کسی بھی آسامی پر آن لائن درخواست جمع کرانے سے قبل متعلقہ محکمے سے اجازت لینا لازمی ہوگا۔
کمیشن کے مطابق سرکاری ملازمین کو درخواست دینے سے پہلے ڈیپارٹمنٹل پرمیشن سرٹیفکیٹ (DPC) یا نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ (NOC) حاصل کرنا ہوگا، بصورت دیگر درخواست قابلِ قبول نہیں ہوگی۔ یہ وضاحت اس وقت سامنے آئی جب سوشل میڈیا پر بعض امیدواروں کی جانب سے اس شرط پر تحفظات کا اظہار کیا گیا۔
ایف پی ایس سی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ شرط کسی نئی پالیسی کا حصہ نہیں بلکہ پہلے سے موجود قوانین کے تحت نافذ ہے۔ یہ پابندی Government Servants Application for Services and Posts Rules 1966 کے رول 3(1) کے مطابق عائد کی گئی ہے، جس کے تحت حاضر سروس سرکاری ملازمین کسی بھی نئی ملازمت کے لیے درخواست دینے سے قبل اپنے محکمے سے پیشگی اجازت لینے کے پابند ہیں۔
کمیشن نے مزید واضح کیا کہ یہ قواعد ایف پی ایس سی نے خود وضع نہیں کیے بلکہ وہ ایک آئینی ادارے کے طور پر ان قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کا پابند ہے۔ اس کا مقصد سرکاری اداروں میں نظم و ضبط برقرار رکھنا اور ملازمین کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو متاثر ہونے سے بچانا ہے۔
حکام کے مطابق امیدواروں کو چاہیے کہ وہ درخواست جمع کرانے سے قبل تمام ضروری دستاویزات مکمل کریں تاکہ بعد ازاں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ایف پی ایس سی نے اس حوالے سے مکمل رہنمائی فراہم کرنے کا بھی یقین دلایا ہے۔
