آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ(ICC Men’s T20 World Cup) کے سپر ایٹ مرحلے کے اہم میچ سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کو بڑا دھچکا لگ گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے فاسٹ بولر سلمان مرزا کی سری لنکا کے خلاف میچ میں شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ پریکٹس سیشن کے دوران گھٹنے میں تکلیف کا شکار ہوئے، جس کے بعد وہ سہارا لے کر میدان سے باہر گئے اور دوبارہ ٹریننگ میں حصہ نہیں لے سکے۔
ٹیم مینجمنٹ سلمان مرزا کی فٹنس کا جائزہ لے رہی ہے، تاہم ان کی جگہ فاسٹ بولرنسیم شاہ کو پلیئنگ الیون میں شامل کیے جانے کا قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ادھر نسیم شاہ( Naseem Shah) نے میچ سے قبل بھرپور تیاری کرتے ہوئے خواجہ نافع اور عثمان طارق کے ساتھ الگ نیٹس میں طویل پریکٹس کی، جس سے ان کی ممکنہ شمولیت کے اشارے ملتے ہیں۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان یہ اہم میچ آج شام ساڑھے 6 بجے کھیلا جائے گا، جس میں قومی ٹیم کو سیمی فائنل تک رسائی کے لیے نہ صرف کامیابی حاصل کرنا ہوگی بلکہ بہتر نیٹ رن ریٹ بھی یقینی بنانا ہوگا۔
واضح رہے کہ پاکستان کو اگلے مرحلے میں جگہ بنانے کے لیے سری لنکا کو کم از کم 65 رنز سے شکست دینا ہوگی، جبکہ ہدف کے تعاقب کی صورت میں مقررہ اسکور 13 اوورز میں حاصل کرنا ضروری ہوگا۔ یہ مقابلہ قومی ٹیم کے لیے’’کرو یا مرو‘‘ کی حیثیت اختیار کر چکا ہے۔
