آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں آج پاکستان اہم ترین میچ سری لنکا کے خلاف پالیکیلے میں کھیلے گا۔
اس میچ میں نہ صرف پاکستان کو فتح درکار ہے بلکہ رن ریٹ کا بڑا چیلنج بھی درپیش ہے، میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے چھ بجے شروع ہوگا۔
پاکستان کو سیمی فائنل میں جانے کیلئے سری لنکا کو 64 رنز سے شکست دینا ہوگی اور اگر سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کی تو ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے پاکستان کو مطلوبہ ہدف 13.1 اوورز میں حاصل کرنا ہوگا۔
پاکستان کی شکست یا برے رن کی وجہ سے نیوزی لینڈ سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر جائے گا، پاکستان کو فتح حاصل کرنے کے لئے مڈل اوورز میں اپنی محتاط حکمت عملی ترک کرنا ہوگی۔
کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق بابر اعظمکی ٹی ٹوئنٹی سیٹ اپ میں جگہ پہلے ہی زیر بحث تھی اور موجودہ تقاضوں کے پیش نظر ان کا سست اسٹرائیک ریٹ مزید سوالات کھڑے کر رہا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ پاکستان نے کبھی بھی کسی فل ممبر ٹیم کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اتنے بڑے مارجن سے کامیابی حاصل نہیں کی لیکن آئی سی سی ایونٹس میں پاکستان اکثر ناممکن کو ممکن بنانے کی شہرت رکھتا ہے۔
نیوزی لینڈ کو انگلینڈ کے ہاتھوں شکست ، پاکستان کے سیمی فائنل تک پہنچنے کے امکانات روشن
کرکٹ انفو کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان کی سری لنکا کے خلاف متوقع ٹیم میں صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، سلمان آغا (کپتان)، بابر اعظم یا خواجہ نافع، فخر زمان، شاداب خان، عثمان خان (وکٹ کیپر)، محمد نواز یا فہیم اشرف، شاہین آفریدی، سلمان مرزا یا نسیم شاہ، اور عثمان طارق شامل ہیں۔
سوال یہ ہے کہ کیا پاکستان ایک بار پھر آئی سی سی ایونٹ میں غیر متوقع کارنامہ انجام دے کر نیوزی لینڈ کی راہ روک پائے گا یا پھر یہ میچ اس کا اس ایونٹ کا آخری میچ ہو گا۔
