ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کے سپر ایٹز مرحلے کے گروپ 2 میں کولمبو کے میدان پر کھیلے گئے اہم مقابلے میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو یکطرفہ انداز میں شکست دے دی۔
169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 107 رنز بنا سکی۔
سری لنکا کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور پہلے ہی اوور میں پاتھم نسانکا صفر پر آؤٹ ہوگئے۔ کوشل مینڈس اور چارتھ اسالانکا بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے۔
درمیانی اوورز میں کمیندو مینڈس نے 31 اور دنتھ ویلالاگے نے 29 رنز بنا کر کچھ مزاحمت کی، تاہم مطلوبہ رن ریٹ بڑھتا چلا گیا۔
آئی سی سی نے کھلاڑیوں کی نئی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ جاری کر دی
نیوزی لینڈ کی جانب سے رچن رویندرا نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 اہم وکٹیں حاصل کیں، جبکہ میٹ ہنری نے ابتدائی جھٹکے دے کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ کپتان مچل سینٹنر اور گلین فلپس نے بھی ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 168 رنز بنائے تھے، جس میں مچل سینٹنر کے 47 اور کول میک کونچی کے ناقابلِ شکست 31 رنز نمایاں رہے۔
اس فتح کے ساتھ نیوزی لینڈ نے سیمی فائنل کی دوڑ میں اپنی پوزیشن مزید مستحکم کرلی جبکہ سری لنکا کے لیے اگلا مرحلہ انتہائی مشکل ہوگیا ہے۔
