چین میں ایک نجی کمپنی نے اپنی سالانہ تقریب کو ایسا یادگار بنا دیا جس کی مثال کم ہی ملتی ہے۔
ہینان کوانگ شان کرین کمپنی لمیٹڈ نے اپنے ملازمین میں مجموعی طور پر 18 کروڑ یوآن (7 ارب پاکستانی روپے سے زائد) تقسیم کر دیے، جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو گئیں۔
کمپنی کو گزشتہ سال 27 کروڑ یوآن کا منافع حاصل ہوا تھا، جس کے بعد انتظامیہ نے ملازمین کو اس کامیابی میں شریک کرنے کا فیصلہ کیا۔ سالانہ تقریب میں 6 کروڑ یوآن (2 ارب پاکستانی روپے سے زائد) نقد بونس کے طور پر رکھے گئے۔
ملک میں تیز ترین انٹرنیٹ کا آغاز؟ 2 آپریٹرز نے ڈیڑھ کروڑ ڈالر جمع کروا دیئے
تقریب میں تقریباً 7 ہزارافراد کی شرکت کیلئے 800 میزیں سجائی گئیں اور ان میزوں پر نوٹوں کے بنڈل ترتیب سے رکھے گئے۔
ملازمین کو اسٹیج پر بلا کر خصوصی انعامات دیے گئے جبکہ دیگرکو مخصوص وقت دیا گیا کہ وہ میزوں پر موجود جتنی رقم اٹھا سکتے ہیں، اٹھا کر اپنے ساتھ لے جائیں۔
تقریب کے دوران کمپنی کے مالک Chui Pei Jun نے فنانس ڈیپارٹمنٹ سے سوال کیا کہ واشنگ مشینیں دینے کی کیا ضرورت ہے، سونا مہنگا ہو چکا ہے، اس لیے ہر ملازم کو مزید 20 ہزار یوآن نقد دیے جائیں۔
کمپنی کا قیام 2002 میں ہوا تھا اور یہ کرینوں سمیت مختلف صنعتی مصنوعات تیار کرتی ہے۔ اس کا کاروبار 130 سے زائد ممالک تک پھیلا ہوا ہے۔
یاد رہے کہ 2024 میں بھی کمپنی ملازمین میں 17 کروڑ یوآن بطور بونس تقسیم کر چکی ہے جبکہ مارچ 2025 میں عالمی یوم خواتین پر 2 ہزار خواتین ملازمین میں 16 لاکھ یوآن تقسیم کیے گئے تھے۔
