آئی سی سی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سپر ایٹ مرحلے کا انتہائی اہم میچ آج سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔
میچ پاکستانی وقت کے مطابق ساڑھے چھ بجے شروع ہو گا، دونوں ٹیمیں کولمبو میں آمنے سامنے ہوں گی، سری لنکا کو سیمی فائنل کی دوڑ میں رہنے کے لئے یہ میچ ہر صورت جیتنا پڑے گا۔
ٹی 20 ورلڈ کپ سپر8 مرحلہ، انگلینڈ نے پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست دیدی
نیوزی لینڈ اور پاکستان کا میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا جس کے بعد آج وہ سری لنکا کے خلاف میدان میں اترے گا تاہم دباؤ زیادہ میزبان ٹیم پر ہے کیونکہ وہ ایونٹ سے باہر ہونے کے خطرے سے دوچار ہے۔
سری لنکا نے ٹورنامنٹ کا آغاز بیٹنگ میں شاندار کارکردگی سے کیا تھا، جس میں آسٹریلیا کے خلاف عمدہ ہدف کا تعاقب اور عمان کے خلاف یکطرفہ کامیابی شامل تھی، تاہم سپر ایٹ مرحلے کے پہلے میچ میں انگلینڈ کے ہاتھوں بیٹنگ لائن کی بدترین ناکامی نے ٹیم کو ایک بار پھر دباؤ میں ڈال دیا۔
انگلینڈ کے خلاف میچ میں سری لنکن بیٹرز کنفیوژن کا شکار نظر آئے۔ کچھ کھلاڑی سنگل لینے کی کوشش میں آؤٹ ہوئے جبکہ چند نے جارحانہ انداز اپنانے کی کوشش میں شاٹس کے انتخاب اور ٹائمنگ میں غلطیاں کیں۔
دوسری جانب نیوزی لینڈ اس ٹورنامنٹ میں فارم میں نظر آ رہا ہے، ٹیم نے اپنے زیادہ تر میچز بیٹنگ کیلئے سازگار وکٹوں پر کھیلے تاہم سری لنکا میں اسپن دوستانہ کنڈیشنز میں اسے محتاط حکمت عملی اپنانا ہوگی، جہاں میزبان ٹیم اپنی اسپن اٹیک سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرے گی۔
نیوزی لینڈ کو اعداد و شمار کے لحاظ سے سری لنکا پر سبقت حاصل ہے اور باہمی مقابلوں میں اسے برتری حاصل رہی ہے حتیٰ کہ سری لنکن سرزمین پر بھی مہمان ٹیم کا ریکارڈ بہتر ہے۔
سری لنکا کیلئے یہ میچ تقریباً ناک آؤٹ کی حیثیت رکھتا ہے، شکست کی صورت میں ایونٹ سے باہر ہونے کا خطرہ ہے، جبکہ نیوزی لینڈ کے پاس قدرے گنجائش موجود ہے لیکن اس کے لیے بھی یہ میچ جیتنا ضروری ہے۔
اس میچ پر پاکستان کی بھی نظریں ہوں گی، انگلینڈ پہلے ہی چار پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل میں پہنچ چکا ہے، نیوزی لینڈ اور پاکستان ایک ایک پوائنٹ کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔
اگر نیوزی یہ میچ جیت جاتا ہے تو اس کے تین پوائنٹ ہو جائیں گے، انگلینڈ سے مقابلے میں اگر نیوزی لینڈ جیت جاتا ہے تو نیوزی لینڈ پانچ پوائنٹ کے ساتھ سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا اور پاکستان اور سری لنکا باہر ہو جائیں گے۔
بھارتی کھلاڑی رنکو سنگھ اچانک ٹیم کو چھوڑ کر گھر روانہ ہو گئے
اگر سری لنکا نیوزی لینڈ کو ہرا دیتا ہے تو سری لنکا کے دو پوائنٹ ہو جائیں گے پھر اس کا میچ پاکستان سے ہو گا اس میں اگر پاکستان جیت جاتا ہے تو پاکستان کے تین پوائنٹ ہو جائیں گے، اگر سری لنکا جیتتا ہے تو وہ چار پوائنٹ کے ساتھ سیمی فائنل میں چلا جائے گا۔
اب اگر نیوزی لینڈ آج کا میچ جیتتا ہے اور انگلینڈ کے خلاف ہار جاتا ہے تو اس کے تین پوائنٹ ہوں گے، اگر پاکستان سری لنکا کو شکست دیتا ہے تو پاکستان کے بھی تین پوائنٹ ہوں گے، اس صورت میں رن ریٹ کی بنیاد پر ایک ٹیم سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر جائے گی۔
