دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنلز کے وینیوز سے متعلق نیا اور مشروط شیڈول جاری کر دیا۔ جس کے تحت مخصوص ٹیموں کی کوالیفکیشن کی صورت میں میچز کا مقام تبدیل کیا جا سکے گا۔
آئی سی سی کی جانب سے سپر ایٹ مرحلے کے اختتام کے حوالے سے تمام اسٹیک ہولڈرز کو بھیجے گئے اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے۔ کہ پہلا سیمی فائنل مخصوص شرائط کے تحت سری لنکا کے شہر کولمبو یا بھارت کے شہر کولکتہ میں منعقد کیا جا سکتا ہے۔
اعلامیے کے مطابق اگر سری لنکا سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر جاتا ہے۔ تو پہلا سیمی فائنل کولمبو میں ہی کھیلا جائے گا۔ چاہے اس کا مقابلہ بھارت سے ہو یا کسی اور ٹیم سے۔ اسی طرح اگر پاکستان سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر لیتا ہے۔ تو وہ 4 مارچ کو کولمبو میں اپنا سیمی فائنل کھیلے گا۔
آئی سی سی کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان سیمی فائنل میں جگہ بنانے میں ناکام رہتا ہے۔ لیکن سری لنکا کوالیفائی کر جاتا ہے تو اس صورت میں بھی اس کا سیمی فائنل کولمبو میں ہی ہو گا۔تاہم اگر پاکستان اور سری لنکا دونوں سیمی فائنل تک نہ پہنچ سکے تو دونوں سیمی فائنلز بھارت میں منعقد ہوں گے۔ جن میں ایک کولکتہ جبکہ دوسرا ممبئی میں کھیلا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ہمارے اسپنر انگلینڈ کے بیٹرز کو مشکلات سے دوچار کر سکتے ہیں، صاحبزادہ فرحان
کرکٹ ماہرین کے مطابق آئی سی سی کا یہ فیصلہ انتظامی اور لاجسٹک معاملات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے تاکہ ٹورنامنٹ کے شیڈول کو بہتر انداز میں منظم رکھا جا سکے۔
