کینڈی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر صاحبزادہ فرحان نے کہا ہے کہ ٹیم کے پاس عالمی معیار کے اسپنرز موجود ہیں۔ جو انگلینڈ کے بیٹرز کو مشکلات سے دوچار کر سکتے ہیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر صاحبزادہ فرحان نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے سپر ایٹ مرحلے میں انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے خلاف اہم میچ سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کا فوکس پوائنٹس ٹیبل پر نہیں بلکہ اچھی کارکردگی پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم انگلینڈ کو سخت مقابلہ دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ ٹاپ آرڈر بیٹرز پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اننگز کو مستحکم اور طویل کھیلیں۔
صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ اگر اوپنرز اچھی شروعات فراہم نہ کریں تو مڈل آرڈر دباؤ میں آ جائے۔ میری کوشش ہوتی ہے کہ اننگز کو لمبا لے کر چلوں اور ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کروں۔
انہوں نے پاکستان کی باؤلنگ لائن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کے پاس عالمی معیار کے اسپنرز موجود ہیں۔ جو انگلینڈ کے بیٹرز کو مشکلات سے دوچار کر سکتے ہیں۔ منصوبہ یہ ہے کہ ابتدائی 6 اوورز میں جارحانہ کھیل پیش کیا جائے اور بعد ازاں اسپنرز کی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے۔
صاحبزادہ فرحان نے صائم ایوب کو ٹیم کا امپیکٹ پلیئر قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اہم موقع پر نمایاں کارکردگی دکھائیں گے۔
انہوں نے سنچری بنانے سے حاصل ہونے والے اعتماد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بڑی اننگز کھلاڑی کے اعتماد میں اضافہ کرتی ہے اور اب ہر کھلاڑی کو اپنی ذمہ داری نبھانا ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی غرور خاک میں مل گیا، جنوبی افریقہ کے خلاف طنزیہ اشتہار انڈیا کے گلے پڑ گیا
واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سپر ایٹ مرحلے کا میچ کل 24 فروری کو پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 6 بجے کھیلا جائے گا۔
