کویت سٹی: کویتی شہریت کی تحقیقات کے لیے قائم کردہ اعلیٰ کمیٹی نے 120 افراد کی شہریت منسوخ کرنے کا فیصلہ جاری کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سرکاری گزٹ میں شائع ہونے والے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام کویتی شہریت کے قانون، امیری حکمنامہ نمبر 15 برائے 1959 کی دفعہ 11 اور اس کی ترامیم کے تحت اٹھایا گیا۔
مذکورہ دفعہ کے مطابق اگر کوئی کویتی شہری اپنی مرضی سے کسی دوسرے ملک کی شہریت حاصل کرتا ہے۔ تو وہ اپنی کویتی شہریت سے محروم ہو جاتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ منسوخیاں دوہری شہریت پر عائد پابندی کے ضوابط کے سخت نفاذ کا حصہ ہیں۔ حکومت شہریت سے متعلق قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔
واضح رہے کہ رواں سال جنوری میں بھی سرکاری گزٹ میں دو علیحدہ حکمنامے شائع کیے گئے تھے۔ جن کے تحت مجموعی طور پر 69 افراد سے کویتی شہریت واپس لینے کا حکم دیا گیا تھا۔
مزید بتایا گیا کہ یہ منسوخیاں وسیع تر حکومتی مہم کا حصہ ہیں۔ جن کی بنیاد مختلف قانونی نکات پر رکھی گئی ہے۔ جن میں دھوکہ دہی کے الزامات اور قومی سلامتی سے متعلق معاملات شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کسی بھی قسم کی دھمکی یا دباؤ کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، ایرانی صدر
سال 2025 کے فرمان نمبر 242 کے تحت 65 افراد اور ان کے ذریعے شہریت حاصل کرنے والے زیر کفالت افراد سے شہریت واپس لینے کا حکم دیا گیا تھا۔ جبکہ فرمان نمبر 243 کے تحت چار افراد اور ان سے منسلک افراد کی شہریت منسوخ کرنے کی منظوری دی گئی تھی۔
