لندن: انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان ہیری بروک نے کہا ہے کہ پاکستانی کھلاڑی بہترین کرکٹرز ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کا دی ہنڈرڈ لیگ میں شامل نہ ہونا افسوسناک ہوگا، اپنے ایک بیان میں ہیری بروک کا کہنا تھا کہ پاکستان کئی برسوں سے عالمی کرکٹ میں ایک مضبوط اور باصلاحیت ملک رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے کھلاڑی اپنی مہارت اور کارکردگی کے باعث دنیا بھر میں پہچانے جاتے ہیں، انہوں نے کہا کہ نیلامی میں اس وقت 50 سے 60 پاکستانی کھلاڑی موجود ہیں جو اپنی صلاحیتوں کے باعث کسی بھی ٹیم کے لیے قیمتی اضافہ ثابت ہو سکتے ہیں۔
انگلش کپتان نے مزید کہا کہ پاکستانی کرکٹرز بہترین کھلاڑی ہیں اور ان کی شمولیت سے نہ صرف ٹورنامنٹ کا معیار بلند ہوگا بلکہ مقابلہ بھی مزید سخت اور دلچسپ ہو جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی کھلاڑی بڑی تعداد میں شائقین کو اسٹیڈیمز کا رخ کرنے پر مجبور کرتے ہیں، جس سے لیگ کی مقبولیت میں اضافہ ہوتا ہے۔
پاک نیوزی لینڈ میچ بارش سے متاثر، بھارت فکر مند کیوں؟
ہیری بروک نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع ملیں گے تاکہ ٹورنامنٹ میں عالمی معیار کی کرکٹ دیکھنے کو مل سکے۔
