برازیل کی خاتون فٹبالر کاتھلین سوزا نے اسلام قبول کر لیا۔ جس کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے فیصلے کو خاصی توجہ حاصل ہو رہی ہے۔ وہ اس وقت سعودی عرب کے معروف کلب النصر ویمن فٹبال ٹیم کی کھلاڑی ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق النصر کلب کی جانب سے کھلاڑی کے اسلام قبول کرنے کا اعلان کیا گیا۔ اور انتظامیہ نے اپنی کھلاڑی کے لیے ثابت قدمی اور قلبی سکون کی دعا کی۔
اسلام قبول کرنے کے بعد فٹبال کھلاڑی نے مسجد الحرام جا کر عمرہ ادا کیا۔ انسٹاگرام پر تصاویر شیئر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ درست راستے کی تلاش میں تھیں اور اپنی شخصیت کا بہتر روپ اختیار کرنا چاہتی تھیں۔
29 سالہ سوزا برازیل کی ریاست ساؤ پاؤلو کے شہر ساؤ ویسینتی میں پیدا ہوئیں۔ اور سینٹرل بیک کے طور پر کھیلتی ہیں۔
وہ اس سے قبل سانتوس ایف سی ویمن سے وابستہ رہ چکی ہیں۔ جبکہ امریکہ میں یونیورسٹی آف لوئس ول اور یونیورسٹی آف سینٹرل فلوریڈا کی نمائندگی بھی کر چکی ہیں۔
اگست 2024 میں وہ دو سیزن کے معاہدے پر النصر ویمن ٹیم میں شامل ہوئیں۔ اور حال ہی میں انہیں کلب کی جانب سے مہینے کی بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل میں شامل نئی فرنچائز سے متعلق تنازعات کھل کر سامنے آگئے
سوشل میڈیا صارفین نے ان کے اسلام قبول کرنے کے اعلان کو ان کی ذاتی زندگی کا اہم فیصلہ قرار دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
