ڈھاکا، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے ڈھاکہ میں نومنتخب بنگلا دیشی وزیراعظم طارق رحمان سے ملاقات کی اور انہیں پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت دی۔
یہ ملاقات وزیراعظم طارق رحمان کی تقریبِ حلف برداری کے بعد ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان سیاسی، اقتصادی اورتعلیمی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
سندھ کے 1300 سرکاری اسکولوں میں مفت پکا ہوا کھانا اور راشن فراہم کرنے کا معاہدہ
احسن اقبال نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور ثقافتی روابط موجود ہیں جنہیں باہمی اعتماد اور عملی اقدامات کے ذریعے مزید فروغ دیا جا سکتا ہے۔
گفتگو میں دوطرفہ تجارت کے حجم میں اضافے، بحری روابط کے فروغ اور سپلائی چین کے انضمام جیسے اہم امور زیر بحث آئے۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پراتفاق کیا کہ علاقائی ترقی اور خوشحالی کے لیے مشترکہ اقتصادی حکمتِ عملی ناگزیر ہے۔
ملاقات میں “بنگلا دیش۔پاکستان علمی راہداری” کے قیام پر بھی اتفاق کیا گیا، جس کے تحت تعلیمی و تحقیقی اداروں کے درمیان روابط کو فروغ دیا جائیگا، طلبہ اور محققین کے تبادلے بڑھائے جائیں گے اور مشترکہ تحقیق کے مواقع پیدا کئے جائیں گے۔
وزیراعظم طارق رحمان نے اپنے سابقہ دورہ پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نوازشریف سے اپنی والدہ مرحومہ خالدہ ضیاء کے ہمراہ ملاقاتوں کوخوشگواراور یادگار قراردیا، انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اورنوازشریف کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔
