سفر اور مرض عموماً عارضی ہوتے ہیں مگر کچھ امراض ایسے ہوتے ہیں جو پوری زندگی انسان کے ساتھ چلتے رہتے ہیں، ان میں ذیابیطس بھی ایسا ہی مرض ہے۔
ذیابیطس کے مریض ماہِ رمضان کیسے گزاریں اس بارے میں گفتگو سے قبل ہمیں یہ معلوم ہونا چاہیے کہ ذیابیطس کا مرض ہوتا کیا ہے اور اس کی وجہ سے انسان کو کن مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
ذیابیطس ایک دائمی نوعیت کا مرض ہوتا ہے، جس میں خون کے اندر شکر یا گلوکوز کی مقدار بڑھ جاتی ہے۔ وقت گزرنے کے ساتھ ذیابیطس کا مرض جسم کے دوسرے حصوں کو بھی شدید نقصان پہنچا سکتا ہے جن میں دل، خون کی نالیاں، آنکھیں، گردے اور اعصاب شامل ہیں۔ ہمارے وجود کی بقاء کے لیے گلوکوز کی موجودگی لازمی ہے۔
اس سے ہمارے جسم کی نشوونما ہوتی ہے، ہمیں ضرورت کے مطابق توانائی حاصل ہوتی ہے اور زندگی کا سفر آگے بڑھتا ہے۔ ذیابیطس کے مرض میں انسان کو بہت سی شکایات اور علامات لاحق ہو سکتی ہیں مثلاًپیشاب کی زیادتی (خصوصاً رات کے وقت)، پیاس کی شدت، وزن میں کمی، نظر کے مسائل، بھوک کی زیادتی، شدید تھکاوٹ، زخموں کا ٹھیک نہ ہونا، خشک جلد، ہاتھ اور پاؤں کا سُن ہو جانا یا ان میں سوئیاں چبھنے کا احساس ہونا، بار بار جراثیم کا حملہ اور قوت مدافعت میں کمی۔
ذیابیطس کی اقسام
ذیابیطس کی دو اقسام ہیں، ان دونوں اقسام کا فرق ہمیں معلوم ہونا چاہیے کیونکہ اسی بنیاد پر یہ فیصلہ ہوتا ہے کہ ذیابیطس کے مریض کو روزہ رکھنا چاہیے یا نہیں۔
ٹائپ 2 ذیابیطس میں لبلبہ انسولین بنانا ترک کر دیتا ہے یا بہت کم انسولین بناتا ہے، انسولین ایک ہارمون کا نام ہے جس کی پیداوار لبلبے کے مخصوص خلیات میں ہوتی ہے۔ انسولین کے ذریعے خوراک میں گلوکوز کی مقدار کو قابو میں رکھا جاتا ہے۔ انسولین کے زیر اثر گلوکوز جسم کے مختلف خلیات میں داخل ہو کر توانائی فراہم کرنے کا کام کرتا ہے۔
ٹائپ 2 ذیابیطس میں لبلبہ انسولین بناتا ہے مگر کم مقدار میں، دوسری طرف انسانی جسم کے خلیات میں مدافعت پیدا ہو جاتی ہے اور ان پر انسولین کے اثرات ختم ہو جاتے ہیں۔ اس کے نتیجے میں خون کے اندر گلوکوز کی مقدار مسلسل بڑھتی رہتی ہے۔
ٹائپ 1 ذیابیطس کا علاج صرف انسولین کے ذریعے ہوتا ہے اور انسولین انجکشن یا پمپ کے ذریعے زیرِ جلد فراہم کی جاتی ہے۔ ٹائپ 2 ذیابیطس کا علاج منہ کے راستے دی جانے والی ادویہ سے کیا جاتا ہے جبکہ ورزش اور غذا کی طرف خصوصی توجہ درکار ہوتی ہے۔ بعض صورتوں میں ٹائپ 2 ذیابیطس کے مریضوں کو دیگر ادویہ کے ساتھ انجکشن کے ذریعے انسولین بھی فراہم کی جاتی ہے۔
ٹائپ 1 ذیابیطس کے مریضوں کو ڈاکٹر روزہ رکھنے کی اجازت نہیں دیتے، کیوں کہ ان مریضوں کو کئی مرتبہ انسولین کے انجکشن لینے پڑتے ہیں اور عموماً کھانے سے قبل لینے ہوتے ہیں۔ یہ مریض انجکشن کے بعد کچھ نہیں کھائیں گے تو شدید نقاہت اور کمزوری کا شکار ہو سکتے ہیں۔ لہٰذا ان مریضوں کو روزہ نہیں رکھنا چاہیے۔
ٹائپ 2 ذیابیطس کے مریض ڈاکٹر کے مشورے سے روزہ رکھ سکتے ہیں مگر دواؤں کی مقدار اور اوقات میں تبدیلی کی ضرورت ہو سکتی ہے، ذیابیطس کے صرف ان مریضوں کو روزہ رکھنا چاہیے جن کا مرض قابو میں ہو اور خون میں گلوکوز کی مقدار غیر متوازن نہ ہو۔
اگر خون میں گلوکوز کی مقدار 300 ملی گرام سے بڑھ جائے تو روزہ توڑ دینا چاہیے۔ ہمارے جسم کا نظام کچھ اس طرح ہے کہ سحری کے آٹھ گھنٹے بعد گلوکوز کی مقدار کو حدود میں رکھنے کے لیے ذخیرہ شدہ توانائی کا استعمال شروع ہو جاتا ہے، جس کے نتیجے میں گلوکوز کی کمی یا زیادتی واقع ہو سکتی ہے۔ اسی طرح پانی کی شدید کمی بھی ہو سکتی ہے۔
ہدایات
ذیابیطس کے مریضوں کے لیے ضروری ہے کہ سحر اور افطار کے اوقات میں پانی کا زیادہ استعمال کریں، مگر میٹھے مشروبات سے گریز کریں۔ ویسے تو ذیابیطس کے مریضوں کو پورے سال ہی غذا کا خیال رکھنا ہوتا ہے مگر روزوں کے دوران خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔
ضرورت سے زائد یا غیر صحت بخش غذائیں کھانے سے وزن بڑھنے اور خون میں گلوکوز کی مقدار غیر متوازن ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔ انہیں ایسے کاربوہائیڈریٹس یا نشاستے استعمال کرنے چاہئیں جن میں فائبر (ریشہ) زیادہ ہو۔
مثلاً چکی کے موٹے آٹے کی روٹی اور گہرے رنگ والی ڈبل روٹی، جو کا دلیہ بھی صحت بخش ہوتا ہے۔ دالیں، پھلیاں، سبزیاں اور پھل بھی زیادہ استعمال کرنے چاہئیں۔ لحمیات یا پروٹین کے لیے مچھلی، مرغی اور انڈے کھانے چاہئیں۔
افطار کے وقت زیادہ میٹھی اور چکنائی والی اشیاء سے گریز کرنا چاہیے۔ ہم سب کی خواہش ہوتی ہے کہ کھجور سے روزہ افطار کیا جائے مگر ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ کھجور میں مٹھاس زیادہ ہوتی ہے اس لیے دو تین کھجوروں پر قناعت کرنی چاہیے۔
ذیابیطس کے مریض رمضان میں درج ذیل ہدایات پر عمل کریں
روزے کے دوران خون میں گلوکوز کی مقدار کا معائنہ کرتے رہیں خصوصا ان اوقات میں: سورج نکلنے سے قبل، سورج نکلنے کے دو گھنٹے بعد، ظہر کے وقت، سورج ڈوبنے سے قبل اور رات کے وقت سونے سے قبل۔
ٹائپ 1 ذیابیطس کے مریضوں کو روزہ نہیں رکھنا چاہیے، وہ مریض جو روزہ رکھنے کے شدید خواہش مند ہوں انہیں ماہر ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔ اگر ان کی انسولین کے اوقات اس طرح متعین کیے جا سکتے ہوں کہ روزے کے دوران خون میں گلوکوز کی مقدار غیر متوازن نہ ہو تو ایسی صورت میں وہ روزہ رکھ سکتے ہیں۔
ماہِ مبارک میں مناسب آرام بھی ضروری ہے۔ رات کی نیند کم ہونے سے خون میں گلوکوز کی مقدار غیر متوازن ہو سکتی ہے، اگر جسم میں پانی کی شدید کمی یا ڈی ہائیڈریشنہو تو روزہ توڑ دینا چاہیے۔
ٹائپ 2 ذیابیطس کے بہت سے مریض انسولین استعمال کرتے ہیں، انہیں اپنے ڈاکٹر سے مشورہ کر کے انسولین کی مقدار اور اوقات کا دوبارہ تعین کرنا چاہیے۔
شدید جسمانی مشقت کرنے والے ذیابیطس کے مریضوں کو روزہ نہیں رکھنا چاہیے، ذیابیطس کی مریضہ اگر حاملہ ہو تو اسے روزہ رکھنے سے گریز کرنا چاہیے۔
ذیابیطس کے کئی مریض دیگر جسمانی عوارض میں مبتلا ہوتے ہیں۔ مثلاً دل، خون کی نالیوں اور گردے کے امراض۔ ایسے مریضوں کے لیے روزہ رکھنا مناسب نہیں ہوگا۔
