پاکستانی حکومت نے گاڑیوں کی خرید و فروخت اور ملکیت کی منتقلی کے عمل کو آسان اور شفاف بنانے کے لیے پاک آئی ڈی (Pak ID) ایپ متعارف کروا دی ہے۔ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو ڈیجیٹل، محفوظ اور فوری سہولت فراہم کرنا ہے۔
یہ ایپ نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کی تیار کردہ ہے اور صارفین کو اپنے گاڑی کے رجسٹریشن اور چیسس نمبر کے ذریعے ملکیت کی منتقلی کا عمل آن لائن اور بایومیٹرک تصدیق کے ساتھ مکمل کرنے کی سہولت فراہم کرتی ہے، جس سے دھوکہ دہی اور کاغذی کارروائی میں کمی ممکن ہوگی۔
سائبر خطرات کیخلاف ریڈ الرٹ، اسٹیٹ بینک کا ملک گیر پلان جاری
اس سے قبل بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو گاڑی کی ملکیت کی منتقلی کے لیے سفارتخانوں سے ویریفائی شدہ وکالت نامہ حاصل کرنا ضروری ہوتا تھا، لیکن اب یہ سارا عمل گھر بیٹھے بایومیٹرک تصدیق کے ذریعے مکمل کیا جا سکتا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پاک آئی ڈی ایپ صرف مستند مالکان کو منتقلی کی اجازت دے گی، جس سے جعلی دستاویزات اور غیر قانونی فروخت پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔
افتتاحی تقریب میں ڈی جی ایکسائز عمر شیر چٹھہ اور نادرا کے چیف پراجیکٹ آفیسر رحمان قمر سمیت دیگر حکام نے شرکت کی اور کہا کہ یہ ایپ ٹیکنالوجی کے ذریعے شہری سہولیات میں جدت اور عوام کے لیے خدمات کو مزید مؤثر بنانے کا اہم قدم ہے۔
پاکستان سمیت دنیا بھر میں ایکس کی سروسز ڈاؤن ، لاکھوں صارفین متاثر
حکام نے مزید بتایا کہ یہ اقدام پاکستان کی ای–گورننس اور ڈیجیٹل عوامی خدمات کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کرے گا اور گاڑیوں کے لین دین کے عمل میں تیزی، شفافیت اور بیرونِ ملک مقیم شہریوں کے لیے سہولت یقینی بنائے گا۔
