پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹی20 ورلڈ کپ کے اہم معرکے سے قبل شائقینِ کرکٹ کا جوش اپنے عروج پر ہے۔ قومی ٹیم اسٹیڈیم پہنچ چکی ہے جبکہ ٹاس پاکستانی وقت کے مطابق شام 6 بجے اور میچ کا آغاز ساڑھے 6 بجے ہوگا۔ خوش آئند بات یہ ہے کہ شہر میں بارش کے امکانات کم ہو چکے ہیں۔ جس سے بھرپور مقابلے کی امید بڑھ گئی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق کولمبو کے پریماداسا اسٹیڈیم کے باہر سبز رنگ نمایاں دکھائی دے رہا ہے۔ گرین شرٹس پہنے ہزاروں پاکستانی مداح جھنڈے اٹھائے نعرے لگاتے نظر آ رہے ہیں۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ کئی سری لنکن شائقین بھی پاکستان کی حمایت میں پیش پیش ہیں۔ مقامی افراد نے بھی گرین شرٹس پہن کر یکجہتی کا اظہار کیا۔
اسٹیڈیم کے اطراف کی سڑکیں کسی فین زون کا منظر پیش کر رہی ہیں۔ ہر طرف نعروں کی گونج، ڈھول کی تھاپ اور دونوں ممالک کے پرچم لہراتے دکھائی دے رہے ہیں۔ پاکستان اور سری لنکا کے پرچم ایک ساتھ لہرانا اس میچ کو کھیل سے بڑھ کر عالمی اسپورٹس ایونٹ کا درجہ دے رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے خلاف بھارتی پلیئنگ الیون کیا ہو گی؟ اہم بالر ٹیم میں شامل
مداحوں کے مطابق پاک بھارت مقابلہ صرف ایک میچ نہیں بلکہ عالمی کرکٹ کا سب سے بڑا ٹاکرا ہے۔ جس کی بازگشت سرحدوں سے کہیں آگے تک سنائی دیتی ہے۔ اب نظریں ٹاس اور پھر اس سنسنی خیز مقابلے پر جمی ہیں، جہاں ہر گیند تاریخ رقم کر سکتی ہے۔
