خیرپور میں ٹنڈومستی کے قریب قومی شاہراہ پر مسافر کوچ اور ٹریلر کے درمیان خوفناک حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق جبکہ 15 شدید زخمی ہوگئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مسافر کوچ بہاولپور سے کراچی جا رہی تھی کہ راستے میں ٹنڈومستی کے قریب اچانک بریک فیل ہونے کے باعث کوچ بے قابو ہو کر سامنے سے آنے والے ٹریلر سے ٹکرا گئی۔
کراچی سے لاہور جانے والی مال بردار ٹرین کو حادثہ
ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں کوچ کا ڈرائیور اور کنڈکٹر بھی شامل ہیں جبکہ متعدد مسافروں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور پولیس ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں حادثے کی ممکنہ وجہ کوچ کے بریک فیل ہونا بتایا جا رہا ہے تاہم واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاکہ حادثے کی اصل وجوہات سامنے لائی جا سکیں۔
محراب پور میں دلخراش حادثہ، ٹرالر کی موٹرسائیکل کو ٹکر، 4 افراد جاں بحق
علاقے میں حادثے کے باعث کچھ وقت کیلئے ٹریفک کی روانی متاثر رہی تاہم بعد ازاں پولیس نے شاہراہ کو ٹریفک کیلئے بحال کر دیا۔ حکام نے ڈرائیورز کو ہدایت کی ہے کہ وہ طویل سفر سے قبل گاڑیوں کی فٹنس اور بریک سسٹم لازمی چیک کریں تاکہ ایسے افسوسناک حادثات سے بچا جا سکے۔
