اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے 38 ارب روپے کے تاریخی رمضان ریلیف پیکج کا اجراء کر دیا۔
وزیراعظم نے 38 ارب روپے کے تاریخی رمضان ریلیف پیکج کا اجرا کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر کے ایک کروڑ 21 لاکھ مستحق خاندانوں کو فی خاندان 13 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے۔
اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں رمضان المبارک کے دوران ریلیف یوٹیلیٹی اسٹورز کے ذریعے فراہم کیا جاتا تھا، تاہم وہاں اشیائے خورونوش کا معیار ناقص اور خریداری کا عمل تکلیف دہ تھا۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے گزشتہ سال اس فرسودہ نظام کو ختم کرکے ڈیجیٹل طریقہ کار متعارف کرایا، جس کے ذریعے مستحقین کو براہ راست نقد رقوم منتقل کی گئیں۔
وزیراعظم نے کہا گزشتہ سال رمضان میں 20 ارب روپے شفاف انداز میں مستحقین تک پہنچائے گئے، جبکہ رواں سال اس رقم کو بڑھا کر 38 ارب روپے کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امدادی رقم بینک اکاؤنٹس اور ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے ادا کی جائے گی تاکہ شفافیت اور آسانی کو یقینی بنایا جا سکے۔
بجلی کی قیمت، تبدیلیوں کا بوجھ متوسط یا کم آمدنی والے طبقے پر نہیں پڑنا چاہیے، آئی ایم ایف
شہباز شریف نے کہا کہ نئے نظام کے نفاذ میں متعدد چیلنجز درپیش تھے تاہم حکومت نے کامیابی سے ان پر قابو پایا۔ عوامی شکایات کے ازالے کے لیے خصوصی سیل بھی قائم کیا گیا ہے۔
انہوں نے اس اقدام کو وفاقی سطح پر ایک بڑا ریلیف قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام کی کاوشوں کو سراہا اور عزم ظاہر کیا کہ پروگرام پر مؤثر عملدرآمد کے لیے وہ خود باقاعدگی سے اس کا جائزہ لیتے رہیں گے۔
