وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ راجن پور اور کچے کا علاقہ ڈاکوؤں سے 100 فیصد پاک کر دیا ہے۔
اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ راجن پور سے 42 اور رحیم یار خان سے 200 ڈاکوؤں نے ہتھیار ڈال دیے ہیں، انہوں نے کہا کہ کہیں دہائیوں کے بعد رحیم یار خان اورراجن پور کے علاقے کلیئر ہو چکے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ چاروں طرف سے دریاکی وجہ سے ڈاکوؤں تک رسائی آسان نہیں تھی، سرنڈر کرنے والے 500 سے زائد ڈاکوؤں میں ہائی پروفائل گینگ لیڈر شامل تھے۔
انہوں نے کہا کہ ان میں سے متعدد افراد کے سروں کی قیمت مقرر تھی، مریم نواز کا کہنا تھا کہ پہلی مرتبہ پانچ سو سے زائد جرائم پیشہ عناصر نے خون بہائے بغیر ریاست کے سامنے ہتھیار ڈالے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈاکوؤں نے ریاست کے اندر ریاست قائم کر رکھی تھی، انہوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ 45 دنوں سے اغوا برائے تاوان اور ہنی ٹریپ کا کوئی واقعہ رپورٹ نہیں ہوا، آپریشن کے دوران راکٹ لانچر، مشین گنز، پسٹل، ہینڈ گرنیڈ اور بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے پاک فوج، رینجرز، پنجاب اور سندھ پولیس، سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ اور دیگر اداروں کی مشترکہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جدید ڈرون ٹیکنالوجی، نائٹ ویژن کیمروں اور ملٹی ایجنسی کوآرڈینیشن کی بدولت یہ کامیابی حاصل ہوئی۔
1700 سے زائد پولیس اہلکار آپریشن میں تعینات کیے گئے جنہیں اے پی سیز، بلٹ پروف جیکٹس اور جدید آلات فراہم کیے گئے۔ وزیراعلیٰ نے کچہ علاقوں کے لیے خصوصی ڈویلپمنٹ پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہاں نئے سکول، کالج، اسپتال اور ٹیوٹا کے ادارے قائم کیے جائیں گے۔
این اے 256 ضمنی انتخاب، الیکشن کمیشن نے تاریخ کا اعلان کر دیا
انہوں نے کہا کہ بہتر ٹرانسپورٹ کے لیے گرین بس سروس چلائی جائے گی اور“اپنا کھیت، اپنا روزگار”پروگرام کے تحت زرعی اراضی اور کسان کارڈ فراہم کیے جائیں گے، فنی تعلیم کے فروغ کے لیے ٹیکنیکل ایجوکیشن سینٹر بھی قائم کیے جائیں گے۔
