اسلام آباد، وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے آنکھ میں تکلیف کی شکایت جنوری میں کی تھی جس کے بعد انہیں طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔
ان کے مطابق 9 دسمبرکوچاررکنی میڈیکل بورڈ نے جیل میں بانی پی ٹی آئی کا مکمل طبی معائنہ کیا اورضروری ٹیسٹ بھی کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی جانب سے علاج سے متعلق دیے گئے بیانات حقائق کے برعکس ہیں، دسمبر میں بانی پی ٹی آئی کی بہن نے ان سے ملاقات بھی کی تھی اورانہیں طبی معائنے کی صورتحال سے آگاہ کیا گیا تھا۔
سینیٹ میں بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق قرارداد مسترد، اپوزیشن کا شدید احتجاج
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کا بلڈ پریشر روزانہ کی بنیاد پر چیک کیا جاتا ہے اور ان کی صحت کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔
طارق فضل چودھری نے واضح کیا کہ جس جگہ کا کہا جائے گا وہاں سے علاج کرانے کے لیے حکومت تیار ہے اور عدالت عظمیٰ کی ہدایات پر مکمل عمل کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کسی کی بیماری پر سیاست کرنا مکروہ فعل ہے اور اس معاملے کو غیر ضروری طور پر متنازع نہیں بنانا چاہیے۔ ان کے مطابق چیف جسٹس خود اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں اور تمام اقدامات قانون کے مطابق کیے جا رہے ہیں۔
