لاہور/میانوالی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے میانوالی کے دورے کے موقع پر اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ میانوالی کو تعلیم، صحت، زراعت اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں مثالی ضلع بنایا جائے گا۔
میانوالی پہنچنے پر وزیراعلیٰ کا پرتپاک استقبال کیا گیا، جگہ جگہ کارکنوں اور شہریوں نے پھول نچھاور کیے جبکہ عوام کا جم غفیر ان کی آمد پر سڑکوں پر امڈ آیا۔
اپنے خطاب کا آغاز میانوالی کی مقامی زبان سے کرتے ہوئے انہوں نے کہا میانوالی والے بھائیو، ترکڑے او، میڈیوں دھیوں تے بہنو، اج ہاں بہوں خوش تھیا، جس پر شرکاء نے بھرپور نعرے بازی کی۔
انہوں نے کہا کہ میانوالی پنجاب کے نقشے سے دور ہوسکتا ہے مگر ان کے دل سے نہیں۔ میری پیدائش میانوالی کی نہیں لیکن میرا دل میانوالی کا ہے اور محمد نواز شریف کا سلام بھی میانوالی کے عوام تک پہنچایا۔
پنجاب میں کم عمری کی شادی کے خلاف نیا آرڈیننس نافذ
وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ میانوالی میں میڈیکل کالج قائم کیا جائے گا تاکہ مقامی طلبہ کو ڈاکٹر بننے کے لیے دیگر شہروں کا رخ نہ کرنا پڑے۔
اس کے ساتھ نرسنگ اور دیگر ہیلتھ پروفیشنلز کے لیے الائیڈ کالج، زرعی کالج اور لاء کالج بھی قائم کیے جائیں گے۔ انہوں نے میانوالی کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کو ٹیچنگ ہسپتال کا درجہ دینے کا بھی اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ میانوالی میں جدید کیتھ لیب قائم کی جاچکی ہے جہاں دل کے امراض کا علاج مفت کیا جا رہا ہے۔ “کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ میانوالی میں دل کے مریضوں کا فری علاج ہوگا، اب مریضوں کو لاہور یا پنڈی نہیں جانا پڑے گا۔
انہوں نے ایک مزدور کی مثال دیتے ہوئے بتایا کہ جسے فیصل آباد میں چھ ماہ بعد کا وقت دیا گیا تھا، اس کا علاج میانوالی میں 24 گھنٹوں میں ہوگیا۔
مریم نواز نے کہا کہ گرین بس سروس میانوالی میں شروع کی جاچکی ہے جو بزرگوں، طلبہ اور بچوں کے لیے مفت ہے جبکہ خواتین کے لیے علیحدہ انتظام کے ساتھ فری سفر کی سہولت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الزام لگایا جاتا تھا کہ (ن) لیگ صرف لاہور میں کام کرتی ہے، مگر اب ہر شہر میں ترقیاتی منصوبے مکمل ہو رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے “اپنا کھیت اپنی زمین” پروگرام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بے زمین کاشتکاروں کو 3 لاکھ ایکڑ زرعی اراضی فراہم کی جائے گی اور ہر مستحق کسان کو 5 ایکڑ تک زمین 25 سالہ لیز پر دی جائے گی۔
ساتھ ہی کسان کارڈ بھی دیا جائے گا تاکہ وہ اپنی زمین پر کاشتکاری کرکے خود کفیل بن سکیں انہوں نے بتایا کہ دو سال میں 8 لاکھ کسانوں کو ڈھائی سو ارب روپے زرعی مداخل کے لیے فراہم کیے گئے، 21 ہزار ٹریکٹر دیے جا چکے ہیں اور مزید 10 ہزار ٹریکٹر دیے جائیں گے۔
گورنر خیبرپختونخوا کا وزیراعظم کو خط، شہید عون عباس کیلئے تمغہ شجاعت کی سفارش
انہوں نے کہا کہ گزشتہ ادوار میں 25 سال میں 20 ہزار ٹریکٹر دیے گئے جبکہ ان کی حکومت نے دو سال میں اس سے زیادہ فراہم کیے۔ زرعی مشینری کی مد میں بھی 60 ارب روپے خرچ کیے گئے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ دوسال میں ڈیڑھ لاکھ افراد کو اپنی چھت فراہم کی گئی، 15 لاکھ افراد کو راشن کارڈ دیئے گئے تاکہ کوئی بچہ بھوکا نہ سوئے رمضان المبارک میں 40 لاکھ گھرانوں تک 10 ہزار روپے پہنچائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں ادویات اور آپریشن مفت ہیں، میانوالی سمیت پورے پنجاب میں 30 ہزار کلومیٹر سڑکوں کا جال بچھایا گیا ہے اور جہاں پینے کے صاف پانی کی سہولت نہیں وہاں پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ اگر اللہ نے تین سال اور دیئے تو پنجاب کی قسمت بدل جائے گی، اب کسی فراڈ کو ووٹ نہ دینا، پنجاب کے شہر، گاؤں اور دل سب چمکیں گے۔
