ڈائریکٹر جنرل محکمہ موسمیات صاحبزاد خان کے مطابق پاکستان میں رمضان المبارک 1447 ہجری کا چاند 18 فروری کو نظر آنے کے قوی امکانات ہیں جبکہ پہلا روزہ 19 فروری کو ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق رمضان کے نئے چاند کی پیدائش 17 فروری کو شام 5 بج کر ایک منٹ پر ہوگی، جس کے بعد 18 فروری کی شام کو چاند نظر آنے کے امکانات روشن ہیں۔ موسمیاتی ماہرین کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں اس روز موسم جزوی ابر آلود یا صاف رہنے کی توقع ہے جو چاند دیکھنے کے امکانات کو بہتر بنا سکتا ہے۔
رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس طلب
محکمہ موسمیات نے مختلف صوبوں کے لیے چاند دیکھنے کے آخری اوقات بھی جاری کر دیے ہیں۔ جاری تفصیلات کے مطابق سندھ میں چاند دیکھنے کا آخری وقت شام 7 بج کر 24 منٹ ہوگا، پنجاب میں چاند دیکھنے کا وقت شام 7 بج کر 8 منٹ تک ہوگا جبکہ بلوچستان میں چاند دیکھنے کا آخری وقت شام 7 بج کر 47 منٹ مقرر کیا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق فلکیاتی حساب کے مطابق 18 فروری کی شام تک چاند کی عمر مناسب حد تک ہو جائے گی جس سے رویت کے امکانات بڑھ جاتے ہیں، تاہم رمضان المبارک کے آغاز کا حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی شہادتوں اور سرکاری اعلان کے بعد ہی کیا جائے گا۔
رمضان 2026: صدقۂ فطر اور فدیہ کی نئی رقوم مقرر
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق اگر 18 فروری کو چاند نظر آ گیا تو پاکستان میں رمضان المبارک کا پہلا روزہ 19 فروری 2026 کو ہونے کا قوی امکان ہے۔
