ڈیرہ غازی خان کے علاقے سخی سرور میں زائرین کو لے جانے والی بس حادثے کا شکار ہو گئی جس کے نتیجے میں بس ڈرائیور جاں بحق جبکہ متعدد زائرین زخمی ہو گئے۔
بارڈر ملٹری پولیس کے مطابق حادثہ سخی سرور دربار کے قریب پیش آیا جہاں زیارت کے لیے آنے والے زائرین واپسی کے سفر پر تھے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق بس کے بریک فیل ہونے کے باعث ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور بس الٹ گئی۔
کراچی سے لاہور جانے والی مال بردار ٹرین کو حادثہ
حادثے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیمیں اور مقامی افراد موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو بس سے نکال کر طبی امداد فراہم کی گئی۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں بس ڈرائیور موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ کم از کم 5 زخمی زائرین کو فوری طور پر ڈیرہ غازی خان کے اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
حکام کے مطابق بس میں سوار زائرین سخی سرور دربار پر حاضری دینے کے بعد فیصل آباد واپس جا رہے تھے کہ راستے میں یہ افسوسناک حادثہ پیش آیا۔ زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے تاہم انہیں مزید طبی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔
محراب پور میں دلخراش حادثہ، ٹرالر کی موٹرسائیکل کو ٹکر، 4 افراد جاں بحق
دوسری جانب ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ حادثے کی اصل وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ بس کے مکینیکل معائنے سمیت دیگر پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
مقامی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ سفر کے دوران گاڑیوں کی فٹنس اور بریک سسٹم کو لازمی چیک کروائیں تاکہ اس طرح کے حادثات سے بچا جا سکے۔
